امیتابھ بچن خاموش عاشق کے کردار میں

Image caption امیتابھ بچن کو ان کی مختلف النوع کرداروں کی ادائیگی کے لیے جانا جاتا ہے

بھارت کے معروف اداکار امیتابھ بچن کی شبیہہ اگرچہ ’اینگری ینگ مین‘ کی رہی ہے لیکن ایسا نہیں ہے کہ انھوں نے مختلف نوعیت کے کردار ادا نہ کیے ہوں۔

اطلاعات کے مطابق امیتابھ بچن اب ایک نئے کردار میں نظر آنے والے ہیں اور یہ کردار ہے ایک خاموش عاشق کا۔

ہدایت کار سوجئے گھوش کی فلم ’بدلہ‘ میں کام کرنے کے لیے راضی ہونے کے بعد بالی وڈ میں اب یہ خبریں بھی ہیں کہ وہ سوجئے کی ایک اور فلم میں بھی کام کرنے والے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق بالاجی موشن پکچرز نے یہ مجوزہ فلم بنانے کا بیڑا اٹھایا ہے اور اس کی ہدایت سوجئے گھوش کریں گے۔

اس فلم میں امیتابھ بچن ریاضی دان کا کردار نبھا رہے ہیں۔ اس فلم میں وہ اپنی پڑوسن کو دل ہی دل میں چاہتے ہیں اور اظہار محبت کی کشمکش سے دوچار ہیں۔

اس میں جس خاتون سے وہ محبت کرتے ہیں وہ طلاق شدہ ہیں۔

امیتابھ بچن نے اس قبل بھی خاموش عاشق کا کردار ادا کر رکھا ہے اور ان کی فلم کے ناظرین کو فلم ’شعلے‘ یاد ہوگی جس میں وہ خاموش عاشق نظر آتے ہیں۔ فلم ’کالا پتھر‘ میں بھی انھوں نے اسی قسم کا کردار نبھایا ہے جہاں وہ اظہارِ محبت سے گریز کرتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مجوزہ فلم میں ان کا کردار ’شعلے‘ اور ’کلا پتھر‘ دونوں سے متاثر ہوگا لیکن عمر کے اس مرحلے میں یہ ان دونوں سے مختلف بھی ہوگا۔

جہاں تک فلم ’بدلہ‘ کی بات ہے تو اس میں امیتابھ بچن کے علاوہ نصیر الدین شاہ اور ودیا بالن کے بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

بے شرم کے بعد رنبیر کپور اب ٹپوری

Image caption رنبیر کپور کا شمار نئی نسل کے با صلاحیت اداکاروں میں ہوتا ہے

گذشتہ دنوں یہ خبر آئی تھی کہ بالی وڈ اداکار رنبری کپور ان دنوں بے روزگار ہیں۔ انھوں نے خود ہی کہا تھا کہ ان کی فلم ’بے شرم‘ کی ناکامی کے بعد وہ بے کار ہو گئے ہیں۔

لیکن اب یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ وہ فلم ’بے شرم‘ کی ناکامی کے بعد اسی قسم کا ایک دوسرا کردار نبھانے والے ہیں

اب وہ ’ٹپوري‘ کا کردار ادا کریں گے۔ فلمی دنیا یا بھارتی عام بول چال میں ٹپوری کا استعمال لوفر، لفنگے وغیرہ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق معروف فلم ساز اور ہدایت کار کرن جوہر کی آنے والی فلم کا نام ’مسٹر اینڈ مسز ٹپوري‘ ہوگا۔ اس میں رنبیر کپور مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

فلمی صنعت کے ذرائع کے مطابق کرن جوہر نے اس نام کو رجسٹر کرا لیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس فلم کی کاسٹ پر ابھی غور کیا جا رہا ہے اور ہیروئن یعنی ’مسز ٹپوری‘ کے لیے پرینیتی چوپڑا کے نام پر غور کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پرینیتی چوپڑا نے اس سے قبل ’لیڈیز ورسز رکی بہل‘ میں اپنی مخصوص اداکاری کا جوہر دکھایا ہے۔ ’عشق زادے‘ میں بھی انھوں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

فی الحال رنبیر کپور انوراگ کشیپ کی فلم ’بامبے ویلویٹ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ یہ فلم آنے والے سال کے شروع میں ریلیز ہوگی۔

اسی بارے میں