ٹیلر اور ٹمبرلیک کے لیے امریکی میوزک ایوارڈ

Image caption ایلیسن سوئفٹ نے آرٹسٹ آف دا ایئر‘ کا سب سے اہم ایوارڈ حاصل کیا

امریکی پاپ سٹار ٹیلر ایلیسن سوئفٹ نے اتوار کی شام تیسری بار معروف امریکی میوزک ایوارڈ ’آرٹسٹ آف دا ایئر‘ حاصل کیا ہے۔

ان کے علاوہ ٹمبرلیک، ریانا، میکلمور اور رائن لوئس نے مختلف درجوں میں انعامات حاصل کیے۔

امریکی موسیقی کے انعامات کے سلسلے میں 23 سالہ گلوکارہ ٹیلر ایلیسن نے جسٹن ٹمبرلیک، ریانا، برونو مارس اور میکلمور اینڈ رائن لوئس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے مداحوں کے ووٹوں پر مبنی ’آرٹسٹ آف دا ایئر‘ کا سب سے اہم ایوارڈ حاصل کیا۔

واضح رہے کہ ٹیلر سوئفٹ پہلی گلوکارہ اور نغمہ نگار ہیں جنھوں نے تین بار یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔

انھوں نے اپنے 2012 کے رومانوی ریکارڈ ’ریڈ‘ کے لیے ’مقبول ترین خاتون پاپ / راک آرٹسٹ‘ کا بھی اعزاز حاصل کیا۔

’کنٹری میوزک‘ پر مبنی اس البم میں محبت اور دل ٹوٹنے کے نغمے ہیں۔

Image caption پہلی بار متعارف کرائے گئے انعام ’آئیکان ایکولیڈ‘ 25 سالہ پاپ سنگر ریانا کو ملا

اتوار اور پیر کی رات انعام حاصل کرتے ہوئے انھوں نے کہا: ’اگر آپ نے اس کے لیے ووٹ دیا ہے تو اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہمارے دل ایک ہی طرح سے ٹوٹتے ہیں، ہم ایک ہی طرح سے محبت میں گرفتار ہوتے ہیں، ہماری خوشیاں بھی ایک سی ہیں اور اگر آپ اسے سنیں تو آپ پائیں گے کہ ہم ایک ہی صفحے پر ہیں۔۔۔ ہم اس میں بہت قریب بلکہ ساتھ ساتھ ہیں۔‘

دوسری جانب 32 سالہ ٹمبرلیک جو کہ پانچ سال تک موسیقی کی دنیا سے غائب رہنے کے بعد پھر لوٹے ہیں، وہ امریکی میوزک ایوارڈ میں پانچ درجوں میں شامل تھے جن میں سے انہیں تین میں انعام کا مستحق قرار دیا گیا اور ان میں ’مقبول ترین مرد پاپ / راک آرٹسٹ‘ کا ایوارڈ بھی شامل ہے۔

ان کا ’ٹوئنٹی ٹوئنٹی اکسپیرئنس‘ اس میں شامل تھا۔ انھوں نے اس موقعے پر ٹینیسی کڈز بینڈ کے ساتھ ’ڈرنک یو اوے‘ پرفارم کیا۔

Image caption 32 سالہ ٹمبرلیک پانچ سال تک موسیقی کی دنیا سے غائب رہے

میکلمور اور رائن لوئس کی جوڑی کو چھ درجوں میں سے دو میں ایوارڈ دیا گیا۔اس میں ’بہترین ریپ/ ہپ ہاپ آرٹسٹ‘ کا ایوارڈ بھی شامل تھا۔

انھوں نے اسے ٹریوون مارٹن اور ان سینکڑوں بچوں کے نام اس ایوارڈ کا انتساب کیا جو ہرسال نسل پرستی کا شکار ہوجاتے ہیں۔ ٹریوون مارٹن ایک 17 سالہ سیاہ فام لڑکا تھا جو گذشتہ سال نسل پرستی کا شکار ہوا تھا۔

واضح رہے کہ امریکی میوزک ایوارڈ کے لیے عوام ہی فنکاروں کی انٹرنٹ اور ٹوئٹر کے ذریعے نامزدگی کرتے ہیں اور وہی ووٹوں کے ذریعے ان کے فاتح طے کرتے ہیں۔ اس ایوارڈ کو لاس اینجلس میں نوکیا تھیٹر میں پیش کیا جاتا ہے جو تین گھنٹے جاری رہتا ہے اور اے بی سی نیوز اسے براہ راست نشر کرتا ہے۔

اس بار پروگرام میں پہلی بار متعارف کرائے گئے انعام ’آئیکان ایکولیڈ‘ 25 سالہ پاپ سنگر ریانا کو ملا۔

اس تقریب کے دوران مغربی موسیقی کے بڑے نام تھے۔ کیٹی پیری، لیڈی گا گا، مائلی سائرس اور کرسٹینا ایگیولیرا نے تقریب کے دوران اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

اسی بارے میں