’تنہا سونا پسند ہے، ابھی تک ورجن ہوں‘

Image caption کرن جوہر نے اس بار اپنے ٹی وی شو کافی ود کرن کی ابتدا سلمان خان سے کی

معروف اداکار شاہ رخ خان کےگہرے دوست کرن جوہر سے ایک بار پوچھا گیا تھا کہ کیا آپ اپنے ٹی وی شو ’کافی وِد کرن‘ میں سلمان اور شاہ رخ کو ساتھ لائيں گے تو انھوں نے جواب دیاتھا: ’سلمان اور شاہ رخ ایک ساتھ ، نہ بابا نہ!‘

مگر اب سب کچھ بدل گیا ہے۔ معروف فلم ساز کرن جوہر نے اپنے ٹی وی چیٹ شو ’کافی وِد کرن‘ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز سلمان خان کے ساتھ ملاقات سے کیا۔

سلمان خان یہاں اپنے مخصوص انداز میں نظر آئے۔ انھوں نے کہا کہ وہ ابھی تک ’ورجن‘ یعنی کنوارے ہیں اور انہیں تنہا سونا پسند ہے اور اپنی بات کا یقین دلانے کے لیے وہ کرن جوہر کے سیٹ پر لگے صوفے پر لیٹ گئے۔

اس کے ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ وہ بلا کے ’جھوٹے‘ ہیں اور انھوں نے اپنی گرل فرینڈز کے ہاتھوں جھوٹ پکڑے جانے کے قصے بھی سنائے۔

ان کے ساتھ اس شو میں ان کے والد بھی موجود تھے جنھوں نے سلمان خان کے بارے میں کہا کہ ’سلمان نے ابھی تک اپنی تمام تر صلاحیتوں کا استعمال نہیں کیا۔‘ واضح رہے کہ سلمان کے بارے وہ یہ باتیں پہلے بھی کہہ چکے ہیں۔

Image caption سلمان خان اور شاہ رخ خان کے بیچ کی خلیج کو پاٹنے کی کئی کوششیں ہو چکی ہیں

جہاں سلمان ہوں وہاں شاہ رخ کی بات آ ہی جاتی ہے۔ لیکن سلمان خان نے کہا کہ ’میں چاہے شاہ رخ کا پہلے جیسا دوست نہ بن سکوں مگر میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں اور جو کوئی میرے سامنے ان کی چغل خوری کرتا ہے مجھے اس سے نفرت ہے۔‘

سلمان خان نے اپنے آپ کو ’اوسط درجے سے نیچے‘ کا اداکار کہا اور یہ بھی کہا کہ اگر وہ آج کے دور میں فلموں میں آنے کی کوشش کرتے تو ناکام ہوجاتے۔ انھوں نے کہا ’مجھے تو آج کے دور میں ٹی وی میں بھی کام نہ ملتا۔‘

انھوں نے شاہ رخ خان کے رومانس کے ہنر، عامر خان کی سنجیدگی، عمر کے ساتھ اکشے کمار کی اداکاری میں پختگی کی کافی تعریف کی۔

اداکاراؤں میں انھوں دیپیکا پادوکون کے علاوہ سوناکشی سنہا اور عالیہ بھٹ کی بھی تعریف کی۔

سلمان خان نے یہ بھی کہا کہ وہ بہت ’بورنگ‘ ہیں اور پرانے سلمان خان کو اپنے اندر دفن کر دینا چاہتے ہیں: ’اتنا اندر کہ وہ کبھی پھر نکل نہیں پائے۔ میں اپنے آپ سے عاجز آ چکا ہوں۔‘

Image caption کرن جوہر نے اس بار شو میں نئے رنگ و آہنگ کا وعدہ کیا ہے

انھوں نے کرن جوہر سے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ اگر شاہ رخ خان چاہتے تو قطرینہ کیف کی پارٹی والے واقعے کو میرے گھر آ کر سلجھا سکتے تھے لیکن وہ اسے لے کر ’کافی ود کرن‘ کے پروگرام میں کیوں آ گئے۔ تاہم انھوں نے کہا کہ انھوں نے اس ضمن میں پہل کی ہے۔

اس سے قبل کرن جوہر نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل (karanjohar@) پر لکھا تھا: ’کافی ود کرن اتوار کی رات نو بجے سٹار ورلڈ پر شروع ہو رہا ہے۔ ہمارے سب سے پہلے مہمان ہوں گے سلمان خان اور ان کے ساتھ ہوں گے ان کے والد سليم جن کے ساتھ خاص بات چیت ہوگی۔‘

پی ٹی آئی کے مطابق کرن جوہر کا شو ’کافی ود کرن‘ اس بار بہت پرتفریح اور دلچسپیوں سے لبریز ہوگا۔ اس میں بالی وڈ کی مشہور شخصیات کے ساتھ بات چیت ہوگی۔

کرن نے کہا: ’میں اس بار اور زیادہ پاگل کرنے والا ہوں۔ نیا سیزن انتہائی دلچسپ ہونے والا ہے۔ نئے مہمان ، شاندار سیٹ، اور اچھی باتیں۔‘

اگر سلمان خان پہلے مہمان رہے تو دوسرے مہمانوں میں دیپکا پادوکون، پریانکا چوپڑہ، مادھوری دکشت اور جوہی چاولا جیسی معروف فلمی شخصیتوں کے شامل ہونے کی بات کہی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ’کافی ود کرن‘ کی نشریات کا آغاز سنہ 2004 میں ہوا تھا۔

اسی بارے میں