کرینہ کپور کے بے باک جواب

Image caption کرینہ کپور اپنی بیباک گفتگو کے لیے مقبول ہیں

بالی وڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور کی بیباکی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

اطلاعات کے مطابق وہ کرن جوہر کے شو ’کافی ود کرن‘ کے اگلے شو میں نظر آنے والی ہیں لیکن شو میں وہ اکیلی نہیں بلکہ ان کے ساتھ ان کے کزن رنبیر کپور بھی ہوں گے۔

اس شو کے تشہیری پرومو میں کرینہ کپور نے بات چیت کے دوران بغیر کسی جھجک کے قطرینہ کو اپنی ’بھابھی‘ کہہ کر بلایا۔

’کافی وِد کرن‘ کے ریپڈ فائر راؤنڈ میں کرن نے جب کرینہ سے پوچھا کہ اگر وہ کسی لڑکی کے ساتھ تعلقات قائم کرنا چاہیں گی تو وہ کون ہوں گی؟

اس سوال کے جواب میں کرینہ نے کہا کہ وہ ایسا رشتہ صرف اپنی ’بھابھی‘ قطرینہ کیف کے ساتھ ہی بنا سکتی ہیں۔

بات چیت کے دوران جب کرن نے رنبیر سے پوچھا کہ وہ شادی کب کر رہے ہیں تو کرن کی بات کاٹتے ہوئے بیچ میں کرینہ بول پڑیں: ’میں تو رنبیر کی شادی میں لہنگا زیب تن کر کے ’چکنی چمیلی‘ اور ’شیلا کی جوانی‘ جیسے نغموں پر ناچنے کے لیے تیار ہوں۔‘

Image caption کرینہ ’کافی ود کرن‘ میں آئندہ ہفتے مہمان ہوں گی

واضح رہے کہ اس سے قبل اس سیزن کے پہلے ہی شو میں کرن کے سامنے سلمان خان نے اپنے ’ورجن‘ ہونے کی بات کی تھی۔

کرن نے اپنے شو کے بارے میں کہا ہے کہ: ’میں اس بار مزید پاگل کرنے والا ہوں۔ نیا سیزن انتہائی دلچسپ ہونے والا ہے۔ نئے مہمان، شاندار سیٹ اور اچھی باتیں۔‘

کہا جا رہا ہے کہ شو کے دیگر مہمانوں میں دیپکا پادوکون، پریانکا چوپڑا، مادھوری دکشت اور جوہی چاولا جیسی معروف فلمی شخصیات شامل ہوں گی۔

واضح رہے کہ ’کافی ود کرن‘ کا آغاز سنہ 2004 میں ہوا تھا۔

اسی بارے میں