دنیا مردوں کی ہے: مادھوری دکشت

Image caption مادھوری دکشت ایک عرصے بعد فلموں میں واپس لوٹی ہیں

ایک عرصے بعد بالی وڈ میں واپسی کرنے والی معروف اداکارہ مادھوری کا کہنا ہے کہ ساری دنیا میں ہی مردوں کی اجارہ داری ہے خواہ وہ فلم انڈسٹری ہو یا کوئی دوسرا شعبۂ حیات۔

مادھوری دکشت بہت جلد ہدایت کار اور فلم ساز وشال بھاردواج کی فلم ’ڈیڑھ عشقیہ‘ میں نظر آئیں گی۔

جب مادھوری سے بالی وڈ سے طویل عرصے تک دور رہنے کی بات کہی گئی تو انھوں نے کہا: ’پہلے میں بھارت میں رہ نہیں رہی تھی اور امریکہ میں رہتی تھی۔ اس وقت میں صرف ’جھلک دكھلا جا‘ (ٹی وی شو) کر رہی تھی اس کے لیے مجھے بار بار امریکہ سے بھارت آنا پڑ رہا تھا۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’مجھے اپنے گھر کی دیکھ ریکھ بھی کرنی تھی، بچے بھی امریکہ میں ہی رہتے ہیں اس لیے فلمیں کرنا بہت مشکل تھا۔ لیکن جب ہم بھارت میں رہنے لگے تو میں نے ڈیڑھ عشقیہ فلم کا سکرپٹ پڑھا۔ مجھے یہ بہت پسند آیا اور میں نے اس فلم کے لیے ہاں کر دی۔‘

مادھوری کہتی ہیں: ’مجھے ڈیڑھ عشقیہ فلم کی ٹیم یعنی وشال بھاردواج اور ابھیشیک چوبے پر مکمل اعتماد ہے کہ یہ جو بھی کریں گے اچھا ہی کریں گے۔ میں نے اس سے پہلے والی فلم عشقیہ دیکھی اور مجھے بہت پسند آئی۔‘

جب مادھوری دکشت سے پوچھا گیا کہ بالی وڈ انڈسٹری میں زیادہ تر فلمیں مردوں کو ذہن میں ہی رکھ کر بنائی جاتی ہیں اور مرد اداکاروں کو ہر عمر میں کام مل جاتا ہے، لیکن بالی وڈ میں خواتین کے ساتھ ایسا کیوں نہیں ہوتا؟

اس کے جواب میں مادھوری نے کہا: ’یہ ساری دنیا ہی میل ڈومینیٹیڈ (مردوں کے غلبے والی) ہے، وہ چاہے فلم انڈسٹری ہو یا کوئی دوسرا شعبہ ہو۔ ہمیں ہر جگہ اپنے آپ کو ثابت کرنا پڑتا ہے اور مردوں کے مقابلے دوگنا کام کرنا پڑتا ہے۔‘

ان كے مطابق: ’یہ سب خواتین پر منحصر ہے کہ ان کو کس طرح لڑنا ہے؟ یہی زندگی کی سب سے بڑی سچائی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اگر ہم اپنا ہدف بنا لیں تو ہم بہت کچھ کر سکتے ہیں۔‘

مادھوری اس سے پہلے پردۂ سیمیں پر شاہ رخ، عامر اور سلمان کے ساتھ رومانس کرتے ہوئے کئی بار نظر آئی ہیں لیکن وہ پہلی بار خود سے بڑی عمر کے اداکار نصیر الدین شاہ کے ساتھ رومانوی سین کرتی نظر آئیں گی۔

اس بابت مادھوری کا کہنا تھا: ’نصیر صاحب خود ایک اچھے اداکار ہیں۔ ان کے ساتھ کام کرکے بہت مزہ آیا۔ میں اس فلم میں ایک مقابلے کے اداکار کے ساتھ کام کر رہی ہوں۔ اس کے جو بھی سین لکھے گئے ہیں وہ بہت ہی خوبصورت ہیں۔‘

Image caption مادھوری دکشت اور نصیر الدین شاہ کے علاوہ اس فلم میں ارشد وارثی اور ہما قریشی بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں

بالی وڈ فلموں کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے ایک بار یہ خواہش ظاہر تھی کہ وہ مادھوری دکشت کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے جواب میں مادھوری نے کہا: ’ان کی بھی دلی تمنا ہے کہ وہ امیتابھ بچن جیسے اداکار کے ساتھ کام کریں۔‘

انھوں نے کہا: ’مجھے امیتابھ بچن کے ساتھ تین فلموں میں کردار ادا کرنے کا موقع ملا تھا لیکن بد قسمتی سے وہ فلمیں بن ہی نہیں پائیں، اس کا مجھے دکھ ہے۔ لیکن آئندہ اگر کبھی ایسا موقع ملے گا تو میں ضرور اس موقعے کا فائدہ اٹھاؤں گی اور امیتابھ بچن کے ساتھ کام کروں گی۔ مجھے ایسے موقعے کا بے صبری سے انتظار ہے۔‘

مادھوری دکشت اور نصیر الدین شاہ کے علاوہ اس فلم میں ارشد وارثی اور ہما قریشی بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم دس جنوری کو ریلیز ہو رہی ہے۔

اسی بارے میں