پرینکا سے ترغیب لے کر فلموں میں نہیں آئی: پرنیتی چوپڑہ

Image caption پرینیتی چوپڑہ نے حال میں چند ہٹ فلمیں دی ہیں

بالی وڈ اداکارہ پرنیتی چوپڑہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی چچازاد بہن پرینکا چوپڑہ سے ترغیب لے کر فلموں میں نہیں آئی ہیں۔

فلم عشق زادے اور شدھ دیسی رومانس جیسی ہٹ فلموں کی ہیروئن کا خیال ہے کہ فلموں میں انہوں نے اپنا مقام خود پیدا کیا ہے اور یہ کہ وہ پرینکا چوپڑہ کو دیکھ کر فلموں میں نہیں آئیں ہیں۔

پرینیتی کہتی ہیں کہ پرینکا نے ان کی ذرا بھی حوصلہ افزائی نہیں کی اور اگر ایسا ہوا ہوتا تو وہ 10 سال پہلے ہی اداکارہ بن چکی ہوتیں۔

سنہ 2014 کے آغاز میں پرينیتی نئے اداکار سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ کرن جوہر کی فلم ’ہنسی تو پھنسی‘ میں نظر آئیں گی۔

پرينیتی نے اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز فلم لیڈیز ورسز رکی بہل سے کیا تھا۔ اس فلم میں انھوں نے انوشكا شرما اور رنویر سنگھ کے ساتھ اداکاری کی تھی اور ان کا مخصوص دیسی انداز لوگوں کو پسند بھی آیا تھا۔

سلمان خان کی سالگرہ پر جشن

Image caption اسی ماہ دلیپ کمار کی سالگرہ میں سلمان اور ‏عامر خان دونوں موجود تھے

بالی وڈ کے سٹار سلمان خان 27 دسمبر سنہ 2013 کو 48 سال کے ہو رہے ہیں۔ اس موقع سے پنویل میں واقع ان کے فارم ہاؤس میں ایک پارٹی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس میں سلمان خان کا پورا خاندان تو ہوگا ہی ان کے علاوہ بالی وڈ سے ان کے بعض انتہائی قریبی دوست بھی ہوں گے۔ سلمان کے اس جشن میں عامر خان کے بھی شامل ہونے کا امکان ہے۔

سلمان کی سالگرہ کے موقعے سے نئے اداکاروں پر مبنی ایک فلم ' منّا بھائی سلّو بھائی ' کا ٹریلر بھی لانچ کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ منّا بھائی سنجے دت کو کہا جاتا ہے اور سلّو باھئی سلمان خان کو۔

فلم کا ٹریلر ممبئی کے باندرہ علاقے میں واقع گیٹي سنیما میں لانچ کیا جا رہا ہے۔ یہ سینیما ہال سلمان خان کے لیے بہت خوش بخت ثابت ہوا ہے اور یہاں سلمان خان کی ہر فلم کو دیکھنے کے لیے ان کے مداحوں کا ہجوم امڈ پڑتا ہے۔

بالی وڈ چھٹی پر

Image caption سیف علی خان اور کرینہ کپور فرصت کے اوقات گذارنے سوئٹزرلینڈ گئے ہیں

کرسمس اور نئے سال کا جشن منانے بالی وڈ کے بیشتر سٹارز ممبئی سے باہر چھٹیاں منانے نکل پڑے ہیں جبکہ بعض معروف اداکار چھٹی پر نکلنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

اطلاعات کے مطابق کرینہ کپور اپنے خاوند سیف علی خان کے ساتھ سوئٹزرلینڈ کے لیے روانہ ہو چکی ہیں۔ رنبیر کپور اپنی قریبی دوست قطرینہ کیف کے ساتھ امریکہ روانہ ہو گئے ہیں۔

گذشتہ ہفتے ریلیز ہونے والی فلم دھوم -3 ' کی زبردست کامیابی کے بعد عامر خان بھی اپنی اہلیہ کرن راؤ کے ساتھ فرصت کے کچھ دن پچگني میں گذارنے کی تیاری میں ہیں۔

اسی بارے میں