رانی مکھرجی کی شادی صیغۂ راز میں ہے

Image caption رانی مکھر جی نے اپنے عہد کے بالی وڈ کے تقریباً تمام بڑے اداکاروں کے ساتھ یادگار فلموں میں کام کیا ہے

بالی وڈ میں اگر طویل عرصے سے اب کسی ممکنہ شادی کے بارے میں چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں تو وہ معروف اداکارہ رانی مکھرجی اور فلم ساز آدتیہ چوپڑہ کی شادی ہے۔

واضح رہے کہ دونوں کے درمیان طویل عرصے سے قربتوں کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔

مبینہ طور پر آدتیہ چوپڑہ اور ان کی اہلیہ پایل کے درمیان طلاق کی وجہ رانی مکھرجی سے ان کی دوستی ہے۔ رانی مکھرجی معروف فلم ساز چوپڑہ خاندان کی ہر تقریب میں نظر آتی ہیں۔

اب انٹرٹینمنٹ کی دنیا سے آنے والی خبروں کے مطابق سنہ 2014 کے ماہ فروری میں دونوں شادی کے بندھن میں بندھ سکتے ہیں۔

ان دونوں کی شادی ریاست راجستھان کے شہر جودھپور میں ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

کیجریوال سے انیل کپور متاثر

Image caption انیل کپور اپنی فلم نایک میں ایک صحافی کا کردار ادا کرتے ہیں جو ایک دن کے لیے وزیر اعلیٰ بن جاتا ہے

دہلی اسمبلی کے انتخابات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے رہنما اروند کیجریوال اور ان کی عام آدمی پارٹی سے بالی ووڈ بھی خاصا ’متاثر‘ ہے۔

اطلاعات کے مطابق حال ہی میں دہلی کے وزیر اعلیٰ بننے والے کیجریوال سے متاثر ہوکر بالی وڈ کے معروف اداکار انل کپور اپنی ہی فلم ’نایک‘ کے سيكوئل کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

سنہ 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم ’نایک‘ میں انیل کپور نے ایک ایسے شخص کا کردار نبھایا تھا جسے ایک دن کے لیے وزیر اعلیٰ بننے کا موقع ملتا ہے۔

انیل کے مطابق کیجریوال کی جیت سے فلم لکھنے والوں کو فلم کی کہانی پرونے میں مدد ملے گی۔

’نایک 2‘ کی کہانی پر ابھی کام چل رہا ہے۔ فلم کی شوٹنگ 2015 میں شروع ہو گی۔

نوازالدین اداکاری سے فلم سازی کی جانب

Image caption نوازالدین نے ’گینگز آف واسع پور‘ کے علاوہ کئی فلموں میں یاگار اداکاری کی ہے

’گینگز آف واسع پور،‘ ’کہانی‘ اور ’لنچ باكس‘ جیسی فلموں سے اپنی اداکاری کا جوہر دکھانے والے اداکار نوازالدین صدیقی اب پروڈیسر بن گئے ہیں۔

نوازالدین نے اپنے بھائی شمس الدین کی فلم ’میاں کل آنا‘ کی فلم بندی کا کام شروع کر دیا ہے۔ فلم کو اتر پردیش کے ایک چھوٹے سےگاؤں میں شوٹ کیا گیا ہے۔

فلم گاؤں میں رہنے والی خواتین کے حالات کو بیان کرتی ہے جہاں انھیں اپنے ذاتی قسم کے فیصلے لینے کا بھی کوئی حق نہیں ہے۔

اسی بارے میں