وینزویلا: سابق ملکہِ حسن مونیکا سپیئر قتل

Image caption مونیکا سپیئر 2004 میں مس وینزویلا بنی تھیں

وینز ویلا سے تعلق رکھنے والی سابقہ ملکہِ حسن مونیکا سپیئر اور آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے ان کے شوہر تھامس بیری کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا ہے۔

اس حملے میں ان کی پانچ سالہ بیٹی بھی زخمی ہوئی ہیں تاہم اطلاعات کے مطابق اب وہ ہسپتال میں ہیں اور ان کی حالت مستحکم ہے۔

مونیکا سپیئر 29 سال کی تھیں۔

یہ واقعہ ویلنسیا سے پورتو کابیلو جانے والے ہائی وے پر پیش آیا ہے اور پولیس نے اس کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

مونیکا سپیئر 2004 میں مس وینزویلا بنی تھیں اور اس کے علاوہ انھوں نے متعدد ڈراموں کا کام بھی کیا تھا۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ مونیکا سپیئرز اور ان کے شوہر سڑک کنارے اس لیے رکے تھے کیونکہ ان کی گاڑی خراب ہو گئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق اس بات کا امکان ہے کہ حملہ آور جوڑے کو لوٹنے کی کوشش کر رہے ہوں اور بات بگڑ گئی جس کے بعد انھوں نے مونیکا اور ان کے شوہر پر فائرنگ کر دی۔

وینزویلا میں قتل کے واقعات کی شرح دنیا کی بدترین شرحوں میں سے ایک ہے۔ ملک میں ڈکیتیوں اور اغوا برائے تاوان کے واقعات بھی عام ہیں۔

اسی بارے میں