بالی وڈ راؤنڈ اپ

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

’دیپکا سے کوئی لینا دینا نہیں‘

Image caption کبھی دیپکا کی رنبیر سے نزدیکیاں تھیں اب قطرینہ ان سے مبینہ طور پر قریب ہیں

حال ہی میں بالی وڈ کی معروف اداکارہ سے جب یہ پوچھا گیا کہ ان کے دیپکا پاڈوکون کے ساتھ کیسے روابط ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ دیپکا کے ساتھ ان کا کوئی رابطہ ہی نہیں ہے۔ انھیں دیپکا سے کوئی سروکار نہیں ہے۔

در حقیقت ان دنوں دیپکا بالی وڈ کی ٹاپ ہیروئینز میں سے ایک ہیں۔ انھوں نے حال ہی میں اپنی کامیابی کی جشن منانے کے لیے پارٹی بھی دی تھی جس میں بالی وڈ کی معروف شخصیتیں شامل ہوئی تھیں۔گذشتہ سال دیپکا کی یکے بعد دیگرے تین فلمیں ریلیز ہوئیں اور تینوں کامیاب رہیں۔

جب قطرینہ سے دیپکا کی کامیابی کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا: ’ایسا کچھ نہیں ہے۔ کبھی کرینہ کی بہت فلمز کامیاب ہو جاتی ہیں۔ پھر کبھی میری۔ اب اگر دیپکا کی آ رہی ہیں تو کیا ہوا۔ یہ سب تو چلتا ہی رہتا ہے۔ مجھے ان باتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘

سلمان خان کی کامیڈی شو پر مستی

Image caption سلمان خان کامیڈی شو کے سیٹ پر ڈانس کرتے ہوئے

بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’جے ہو‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں۔ جہاں گذشتہ دنوں وہ ڈانس ریئلٹی شو ’نچ بلیے‘ میں اپنی اس فلم کا پروموشن کرنے گئے تھے ، وہیں اس بار انہوں نے ’کامیڈی نائٹس ود کپل‘ کا انتخاب کیا ہے۔

کامیڈین کپل شرما کا یہ کامیڈی شو چھوٹے پردے پر ان دنوں بے حد مقبول شو تصور کیا جاتا ہے اور تقریباً تمام اداکار اس شو پر پروموشن کرنے ضرور جاتے ہیں۔ سلمان اس شو میں اپنی فلم کی ہیروئین ڈیزی شاہ اور فلم کے ڈائریکٹر سہیل خان کے ساتھ پہنچے۔

سلمان نے کامیڈی نائٹس کے سیٹ پر شو کے تمام فنکاروں کے ساتھ خوب مستی کی اور ڈانس بھی کیا۔ سلمان کی یہ فلم 24 جنوری کو ریلیز ہو رہی ہے جبکہ کامیڈی نائٹس کا سلمان خان والا شو 12 جنوری کو نشر کیا جائے گا۔

بیٹی کا والد کی فلم سے انکار

Image caption شروتی ہاسن اداکار کمل ہاسن کی بیٹی ہیں

کمل ہاسن جیسے بڑے اداکار کی فلم میں اگر کوئی ہیروئن کام کرنے سے انکار کر دے تو یہ اپنے آپ میں حیرت کا مقام ہے۔

یہ بات اس وقت مزید دلچسپ ہو جاتی ہے جب یہ انکار ان کی اپنی بیٹی اور اداکارہ شروتی ہاسن نے کیا ہو۔

کمل ہاسن کی آنے والی فلم ’اتّم ویلن‘ میں شروتی نے کام کرنے سے مبینہ طور پر انکار کر دیا ہے کیونکہ ان کے پاس فلم کے لیے تاریخیں نہیں ہیں اور وہ انتہائی مصروف ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اب کمل کسی دوسرے نئے چہرے کو اپنی فلم میں کاسٹ کرنے کے لیے پر تول رہے ہیں۔

فی الحال کمل ہاسن اس کی سکرپٹ پر کام کر رہے ہیں۔

ڈیڑعشقیہ ریلیز، پرومو پر نصیر نہیں

Image caption ڈیڑھ عشقیہ اسی ہفتے ریلیز ہوئي ہے اور عشقیہ کا سیکوئل ہے

ممبئی میں جمعرات کی رات فلم ڈیڑھ عشقیہ کا پریمیئر ہوا۔ اس میں بالی وڈ کے تمام لوگ اور فلم سے جڑے فنکار جیسے مادھوری دکشت، ہما قریشی اور ارشد وارثی یکجا تھے۔

حیران کن بات تو یہ تھی کہ فلم سے منسلک ایک اہم آرٹسٹ نصیر الدین شاہ پریمیئر پر موجود نہیں تھے۔

ویسے فلم کے پروموشن میں بھی نصیر زیادہ نظر نہیں آئے اور انہوں نے صاف طور پر کہا کہ پروموشن کرنا اور زیادہ میڈیا سے مخاطب ہونا ان کی فطرت میں شامل نہیں۔

فلم ڈیڑھ عشقیہ 10 جنوری کو ریلیز ہوئی ہے اور اطلاعات کے مطابق اچھا بزنس کر رہی ہے۔

اسی بارے میں