بالی وڈ کے بے حس ستارے؟

Image caption سلمان خان کے علاوہ بالی وڈ کے بعض فنکاروں نے حال ہی میں اتر پردیش حکومت کی جانب سے ہونے والے پروگرام میں شرکت کی تھی

بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے معروف فلم ساز مہیش بھٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی بیٹی عالیہ بھٹ کی طرف سے کسی سے معافی نہ مانگیں۔

دراصل سلمان خان کے ساتھ معروف اداکارہ مادھوری دکشت اور عالیہ بھٹ جیسے بالی وڈ ستاروں نے اتر پردیش کی حکومت کی طرف سے منعقدہ سیفئي فیسٹیول میں حصہ لیا تھا اور وہاں پرفارم بھی کیا تھا۔

جہاں اس فیسٹیول کے لیے ریاست میں برسراقتدار حکومت پر سخت تنقید ہوئی، وہیں اس میں شرکت کرنے والے بالی وڈ فنکاروں کو بھی نہیں بخشا گیا۔

لوگوں نے کہا کہ جب ریاست کے مظفرنگر ضلعے میں فساد زدہ افراد انتہائی مشکل حالات میں امدادی کیمپوں میں رہ رہے ہیں ایسے وقت میں ستاروں کا ایسے رنگارنگ پروگرام میں حصہ لینا ان کے غیر حساس ہونے کی دلیل ہے۔

اس تنقید کے بعد مہیش بھٹ نے اس تقریب میں اپنی بیٹی عالیہ کے حصہ لینے پر افسوس بھی ظاہر کیا تھا، لیکن سلمان خان نے عالیہ کا دفاع کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا: ’بھٹ صاحب! عالیہ کی طرف سے معافی مانگنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ آپ نے اس کی پرورش بہترین طریقے سے کی ہے۔ وہ بہت محنتی اور سنجیدہ لڑکی ہے اور وقار کے ساتھ اپنے کریئر میں آگے بڑھ رہی ہے۔‘

عالیہ بھٹ کی بڑی بہن اور مہیش بھٹ کی بیٹی پوجا بھٹ نے بھی مہیش بھٹ کا دفاع کیا۔ لیکن پوجا نے عالیہ کو مشورہ دیا کہ مستقبل میں اس طرح کی دعوت ملنے پر انھیں مزید ہوشیار رہنا چاہیے۔

دوسری جانب عامر خان اور سلمان خان کی دوستی کے قصے زوروں پر ہیں۔

Image caption سلمان اور عامر گذشتہ کئی برسوں سے ایک دوسرے کے انتہائي قریب سمجھے جا رہے ہیں

یاد رہے کہ عامر خان کی فلم ’دھوم 3‘ کی ریلیز سے قبل سلمان خان نے اپنے ٹی وی شو ’بگ باس‘ میں اس فلم کا بار بار ذکر کیا تھا۔ چونکہ عامر اپنی فلم کے پرموشن کے لیے کسی ٹی وی شو میں نہیں گئے اس لیے سلمان نے اپنے پروگرام یہ ذمہ داری بحسن و خوبی نبھائي۔

اور اطلاعات کے مطابق عامر خان کی فلم بالی وڈ کی تاريخ کی سب سے زیادہ پیسے کمانے والی فلم بن گئی ہے۔

اب جبکہ سلمان کی فلم ریلیز ہونے والی ہے تو عامر اب سلمان کا یہ احسان چکا رہے ہیں۔ وہ ٹوئٹر اور فیس بک پر سلمان خان کی آنے والی فلم ’جے ہو‘ کی باتیں کر رہے ہیں اور اس کے بارے میں یہ لکھ رہے ہیں کہ وہ بے صبری سے سلمان کی فلم ’جے ہو‘ کا انتظار کر رہے ہیں۔

اس سے قبل عامر برملا یہ کہہ چکے ہیں کہ سلمان اداکاروں میں نمبر ون پر ہیں کیونکہ وہ اپنے بل بوتے پر فلم کو کامیاب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جب کہ مبصرین کا خیال ہے کہ سلمان کے مداح انھیں ہمیشہ کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔

ایک نئی اداکارہ کے ساتھ سلمان خان کی فلم ’جے ہو‘ 24 جنوری کو ریلیز ہو رہی ہے۔