جسٹن بیبر ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ گرفتار

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption جسٹس بیبیر ایک ہفتے کے دوران دوسری مرتبہ گرفتار ہوئے ہیں

کینیڈا سے تعلق رکھنے والے پاپ سٹار جسٹن بیبر پر ایک لیموزین گاڑی کے ڈرائیور پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

19 سالہ بیبر کو جب ٹورانٹو پولیس سٹیشن لایا گیا تو وہاں بڑی تعداد میں ٹیلی وژن کا عملہ، نیوز فوٹو گرافر اور بیبیر کے مداح موجود تھے۔

دیوار کو بدنما کرنے پر جسٹن بیبر پر فرد جرم عائد

ایک ہفتے کے دوران یہ ان پر دوسرا الزام ہے۔ چند دن قبل ہی انھیں فلوریڈا میں نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

نوجوان گلوکار کے امریکی وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکل بے قصور ہیں۔

ٹورانٹو پولیس کے مطابق 30 دسمبر کو بیبیر پانچ دیگر افراد کے ہمراہ ایک لیموزین گاڑی میں بیٹھے جو انھیں ایک نائٹ کلب سے ہوٹل واپس لے جا رہی تھی۔

دورانِ سفر ڈرائیور اور بیبیر میں بحث ہو گئی۔ پولیس کے مطابق بیبیر کے ڈرائیور کے سر پر کئی دفعہ چوٹیں لگائیں۔ جس پر ڈرائیور نے گاڑی روک دی اور باہر نکل کر پولیس کو فون کیا۔ مشتبہ شخص پولیس کے آنے سے پہلے فرار ہو گیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption فلوریڈا میں نشے میں گاڑی چلانے کے الزام میں انہیں 25000 ڈالر کے عوض ضمانت ملی تھی

جسٹن بیبیر نے بدھ کو خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ انھیں دس مارچ کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

بدھ کو جسٹن بیبر کو امریکہ سے بے دخل کرنے کے لیے ایک درخواست کی گئی ہے جس پر ایک لاکھ دستخط موجود ہیں۔

یہ درخواست وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر کسی عام شخص نے ڈالی ہے۔

امریکی صدر کو کسی فرد کو ملک سے نکالنے کا اختیار نہیں ہے اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ آیا وائٹ ہاؤس اس درخواست پر کوئی ردِ عمل دے گا یا نہیں۔

جسٹن بیبر ماضی میں بھی کئی تنازعات کا شکار ہو چکے ہیں۔

گذشتہ منگل کی صبح انھیں کرائے پر لی گئی ایک گاڑی کو عوامی مقام پر تیز رفتاری سے دوڑانے کے الزام میں میامی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

پولیس کے مطابق بیبر ایک ایسے مقام پر 55 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہے تھے جہاں صرف 30 میل فی گھنٹہ کی رفتار تک جانے کی اجازت ہے۔ اس علاقے میں رہائشی عمارتیں، سکول، یوتھ سنٹر اور گالف کورس واقع ہے۔

ان پر مزاحمت اور زائد المیعاد لائسنس کے ساتھ گاڑی چلانے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔

جنوری میں پولیس نے کیلیفورنیا میں بیبیر کی گھر کی اس وقت تلاشی لی تھی جب ان پر ہمسائے کے گھر میں انڈے پھینکے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

اسی بارے میں