عالمی سطح پر ایشوریہ رائے کے حسن کا جادو برقرار

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ہالی وڈ بز کے سروے میں اداکارہ ایشوریہ رائے چوتھے جبکہ دیپکا پادوکون 29ویں نمبر پر ہیں

بالی وڈ کی معروف اداکارہ اور سابق ملکۂ عالم ایشوریہ رائے بچن کے حسن کا جادو اب تک بین الاقوامی سطح پر قائم ہے اور بالی ووڈ کی کوئی دوسری اداکارہ ان کے آس پاس بھی نہیں ہے۔

ہالی وڈ بز نامی ویب سائٹ کے ایک سروے میں ایشوریہ رائے کو دنیا کی حسین ترین خواتین کی فہرست میں چوتھا مقام ملا ہے۔

اس فہرست میں پہلا مقام اطالوی اداکارہ مونیکا بیلوچی کو ملا ہے۔ اطلاعات کے مطابق 50 سالہ مونیکا بلوچی کو کانگریس صدر سونیا گاندھی پر ایک مجوزہ فلم کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ یہ فلم سنہ 2007 میں ریلیز ہونے والی تھی لیکن فلم کسی وجہ سے روک دی گئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption مونیکا بیلوچی اٹلی کی اداکارہ ہیں اور سنہ 1990 کی دہائی سے فلموں میں ہیں

دوسرے نمبر پر امریکی ماڈل اور اداکارہ کیتھرن کیٹ اپٹن ہیں۔ وہ سنہ 1992 میں پیدا ہوئیں۔ ان کی آنے والی فلم ’دا ادر وومن‘ ہے۔ انھیں سپورٹس السٹریٹڈ کے سوئم سوٹ ایڈیشن پر ان کی تصویر کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔

تیسرے نمبر پر ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اینجلینا جولی ہیں۔ جو اپنے مختلف النوع کردار کے لیے جانی جاتی ہیں اور بطور خاص اپنے مہم جویانہ کردار کے لیے پسند کی جاتی ہیں۔ وہ گذشتہ کئی برسوں سے رضاکارانہ کاموں میں خاصی سرگرم نظر آتی ہیں۔

اس فہرست میں ایشوریہ رائے کے بعد بالی ووڈ سے دوسرا نام اس دور کی انتہائی کامیاب اداکارہ دیپکا پادوکون کا ہے لیکن وہ ایشوریہ سے بہت پیچھے 29 ویں نمبر پر ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption دوسرے نمبر پر حسین ترین خاتون امریکی ماڈل اور اداکارہ کیتھرن کیٹ اپٹن ہے

گذشتہ سال کی ان کی فلموں نے بے پناہ مقبولیت حاصل کی اور رواں سال کی شروعات سے ان پر ایوارڈز کی بارش ہو رہی ہے۔ پہلے انھیں فلم ’چنّئی ایکسپریس‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملا تو پھر انہیں فلم ’گولیوں کی راس لیلا رام لیلا‘ کے لیے بہترین اداکارہ کے اعزاز سے نوازا گيا۔

اس فہرست میں شو بز کی دنیا کی 30 بہترین خواتین کو شامل کیا گیا ہے۔

ہالی وڈ بز کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے یہ فہرست 40 لاکھ لوگوں کے ووٹوں کی بنیاد پر تیار کیا ہے۔

ایشوریہ رائے نے اس فہرست کے شا‏ئع ہونے کے بعد ایک بیان میں کہا: ’ہالی وڈ بز کے پول کے نتائج کے بارے میں میرے خیرخواہوں نے واٹس ایپ پر مجھے بتایا۔ آپ کو یقین آئے یا نہ آئے لیکن میں اعتراف کرتی ہوں کہ پوری دنیا سے 40 لاکھ لوگوں نے اس پول میں حصہ لیا اور مجھے بھی اپنی پسند میں شامل کیا۔‘

اس سے قبل بھی ایشوریہ رائے بچن کا نام کئی بار خوبصورت ترین اداکاراؤں کی فہرست میں رہا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption تیسرے نمبر پر ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اینجلینا جولی ہیں

اسی بارے میں