رنبیر سے موازنہ نہیں کر سکتا: امیتابھ

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ’بھوت ناتھ ریٹرن‘ اپریل میں ریلیز ہو گی

بالی وڈ میں گذشتہ 45 سالوں سے چھائے رہنے کے باوجود امیتابھ بچن نئی نسل کی مقبولیت سے بخوبی واقف ہیں۔

امیتابھ بچن جلد ہی’بھوت ناتھ ریٹرن‘میں نظر آئیں گے اور فلم میں رنبیر کپور ایک مہمان کردار میں نظر آئیں گے۔

اس فلم کا ٹریلر لانچ کرنے کے موقع پر امیتابھ بچن سے جب پوچھا گیا کہ کیا رنبیر کے ساتھ وہ اس سین میں دکھائی دیں گے تو امیتابھ نے کہا کہ بدقسمتی سے اس منظر میں ان کے ساتھ نہیں ہوں۔

’ویسے بھی میں اپنا مقابلے ان کے ساتھ نہیں کر سکتا۔ وہ تو بہت مقبول ہیں اور امید ہے کبھی مجھے موقع ملے گا اور یہ اچھا رہے گا۔‘

اداکاری سیکھنے کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے امیتابھ بچن نے کہا کہ ’میں نے کبھی اداکاری سیکھی نہیں لیکن میں جہاں بھی جاتا ہوں یا لوگوں سے ملتا ہوں تو بہت توجہ سے دیکھتا ہوں۔ نہ جانے کیوں کوئی بات یا کوئی چیز ہمارے اندر رہ جاتی ہے اور بہت بعد میں کہیں جا کر کسی کردار میں اس کا استعمال کرتا ہوں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’فنکار ایسے ہی کرتے رہتے ہیں۔ اب بھی ہم سیکھ رہے ہیں اور آگے بھی سیکھتے رہیں گے۔‘

فلمی صعنت میں اپنی 40 سالہ تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ’ہر پانچ سے دس سال میں انڈسٹری میں ایک نئی نسل آتی ہے اور مجھے ان کے ساتھ کام کرنے میں بہت مزا آ رہا ہے۔ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں ان کے ساتھ کام کر رہا ہوں۔ آج کی نسل اتنی حیرت انگیز ہے کہ پہلی ہی فلم میں اتنا بہتر کام نظر آتا ہے اور ایسا کام میں تو آج تک نہیں کر پایا۔‘

امیتابھ کے مطابق’نئی نسل کے ساتھ کام کر کے انھوں نے بہت کچھ سیکھا ہے اور یہی ایک اداکار کے طور پر ان کی تیاری کا حصہ ہوتا ہے۔‘

اسی بارے میں