ودیا بالن سدھر گئیں، امیتابھ کی سپائڈرمین بننے کی خواہش

امیتابھ کی سپائڈر مین بننے کی خواہش

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption بھوت ناتھ رٹرنز سنہ 2008 میں بننے والی فلم بھوت ناتھ کا سیکول ہے

امیتابھ بچن کی بالی وڈ میں شناخت اینگری ینگ مین کے طور پر ہے لیکن یہ پہچان تو انہیں اپنی فلموں سے ملی ہے تاہم بچپن میں وہ سپائڈرر مین بننے کا خواب دیکھتے تھے۔

خبر یہ ہے کہ جلد ہی امیتابھ پردے پر ’بھوتھ ناتھ رٹرنز‘ میں دکھائی دیں گے جس میں وہ ایک بھوت کے کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

ان دونوں امیتابھ اس فلم کی تشہیری مہم پر نکلے ہوئے ہیں۔

بگ بی نے بتایا کہ بچپن میں جب وہ اس طرح کے کسی کردار والی فلم دیکھتے تھے تو وہ کیا سوچتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ’ کئی بار بڑی دقت ہوتی تھی۔ ایک بار تو میں نے نیلی چادر اوڑھ کر سپائڈرر مین بننے کی کوشش کی۔ میں کھڑکی پر چڑھ گیا۔ وہ تو لوگوں نے ہمیں روک لیا۔‘

بھوت ناتھ رٹرنس سنہ 2008 میں بننے والی فلم بھوت ناتھ کا سیکول ہے۔ یہ فلم اپریل میں ریلیز ہونے والی ہے۔

ٹی آر پی کی پروا نہیں مجھے

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption عامر خان ان دنوں اپنے ٹی وی پروگرام ’ستیہ میو جیتے‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں

عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ صرف وہی کام کرتے ہیں جو انہیں اچھا لگتا ہے اور اس کے لیے ٹی وی پر کسی پروگرام کی مقبولیت بتانے والی ٹی آر پی جیسی چیزیں کوئی معنی نہیں رکھتیں۔

عامر کا کہنا ہے کہ’میں ٹی آر پی کو دیکھتا ہی نہیں ہوں۔ مبجھے دلچسپی ہی نہیں ہے ٹی آر پی میں۔‘

عامر خان ان دنوں اپنے مقبول ٹی وی پروگرام ’ستیہ میو جیتے‘ کے دوسرے سیزن کی شوٹنگ میں کافی مصروف ہیں۔ انہوں نے شوٹنگ کے دوران صحافیوں کے لیے وقت نکالا اور ان سے اس بار کے شو کے بارے میں بات کی۔

دوسرے سیزن کی مقبولیت کے بارے میں اٹھنے والے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے عامر نے کہا کہ’ ہم نے اپنے شو کی کامیابی کی بنیاد ٹی آر پی پر رکھی ہی نہیں۔ ہمارے شو کی کامیابی منحصر ہو گی لوگوں کے ردِ عمل پر۔ میں جہاں بھی جاتا ہوں وہاں سے مجھے اس کے بارے میں ردِ عمل ملتا ہے اور اسی سے مجھے پتہ چلتا ہے کہ لو گ کیا چاہتے ہیں۔‘

شادی کے بعد ودیا بالن سدھر گئیں

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption فرحان اختر اور ودیا بالن پہلی بار’شادی کے سائڈایفیکٹس‘ میں ساتھ دکھائی دے رہے ہیں

ودیا بالن اور فرحان اختر کی فلم ’شادی کے سائڈ ایفکٹس‘اسی ہفتے نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی اور دونوں اداکاروں نے فلم کی تشہیر میں جان لگائی ہے۔

ودیا سے جب بار بار یہ سوال پوچھا گیا کہ کیا ان کی ذاتی زندگی کے کچھ ایسے تجربات ہیں جواس فلم میں نظر آتے ہیں۔ تو اس پر ودیا کا جواب تھا کہ ’اگر آپ ایک غیر محفوظ اور ناخوشی سے بھرے رشتے میں ہیں تب تو حالات خراب ہو سکتے ہیں۔ لیکن اگر آپ خوش ہیں تو یہ آپ کی مدد کرتا ہے۔ شادی سے پہلے میرے اندر ایک قسم کی بے چینی رہتی تھی جو اب بہت حد تک ختم ہو چکی ہے۔ میرا دھیان بھی اب پہلے سے بہتر ہو گیا ہے۔‘

فرحان اختر اور ودیا بالن پہلی بار اس فلم میں ساتھ دکھائی دے رہے ہیں۔

دل والے دلہنیا لے جائیں گے کا ری میک

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption فلم کی ریمیک میں شاہ رخ خان اور کاجول چھوٹے سے کردار میں نظر آئیں گے

خبروں کے مطابق سنہ 1995 کی بے حد کامیاب فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کا ریمیک بنائے جانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ اس کی ہدایت کاری بھی اوریجنل فلم کے ہدیات کار آدتیہ چوپڑا ہی کریں گے۔

فلم میں شاہ رخ خان اور کاجول چھوٹے سے کردار میں نظر آئیں گے جبکہ اصل رول نئے ستاروں کو دیا جائے گا۔

اوریجنل فلم میں انوپم کھیر نے جو رول نبھایا تھا وہ ری میک میں بومن ایرانی اور امریش پوری والا کردار پریش راول ادا کریں گے۔

ٹی وی کا ایک ستارا چلا ممبئی نگریا

تصویر کے کاپی رائٹ Hotureimages
Image caption کپل شرما ایک بھارتی ٹی وی چینل پر ایک مقبول کامیڈی شو’ کامیڈی نائٹ ود کپل‘ پیش کرتے ہیں

ان دنوں ٹیلیویژن کامیڈی کا مقبول چہرہ کپل شرما اب فلم اسٹار بننے کی تیاری کر رہے ہیں۔

ایسی خبریں ہیں کہ کپل کو یش راج بینر نے سائن کیا ہے اور وہ بھی ایک نہیں تین تین فلموں کے لیے سائن کیا ہے۔

خیال ہے کہ اس کنٹریکٹ کے سبب کپل شرما کو اپنے مقبول کامیڈی شو’ کامیڈی نائٹ ود کپل‘ کوالوداع کہنا پڑ سکتا ہے۔

فی الحال خبر یہ ہے کہ ہفتے میں دو بار دکھائے جانے والا یہ شو اب ہفتے میں ایک بار ہی دکھائی دے گا اور بعد میں کپل اس سے الگ ہو سکتے ہیں۔

اسی بارے میں