آسکرز کی تصویر نے اوباما کا ریکارڈ توڑ ڈالا

تصویر کے کاپی رائٹ Ellen DeGeneres Twitter
Image caption تصویر میں مزاحیہ فنکار ایلن ڈی جینیرس کے علاوہ جنیفر لارنس، میرل سٹریپ، کیون سپیسی، جولیا رابرٹس، بریڈ پٹ، بریڈ لی کوپر اور بہترین معاون اداکارہ لوپیٹا نیونگو جیسی معروف شخصیتیں نظر آتی ہیں

ہالی وڈ سٹارز کی ایک ’سیلفی‘ ٹوئٹر کی تاریخ میں سب سے زیادہ ری ٹویٹ کی جانے والی تصویر بن گئی ہے۔

یہ تصویر اس قدر ری ٹویٹ کی گئي کہ تھوڑی دیر کے لیے ٹوئٹر کی خدمات بھی متاثر ہو گئی۔

واضح رہے کہ سیلفی انگریزی زبان میں در آنے والا نیا لفظ ہے اور یہ اس تصویر کے لیے استعمال ہوتا ہے جو صارف خود موبائل فون یا چھوٹے کیمرے سے لے کر سوشل میڈیا پر ڈال دیتا ہے۔

اس تصویر کو 86 ویں آسکرز کی میزبان مزاحیہ فنکار ایلن ڈی جینیرس نے پروگرام کے آغاز سے ذرا قبل پوسٹ کیا تھا۔

تصویر میں میزبان کے علاوہ جنیفر لارنس، میرل سٹریپ، کیون سپیسی، جولیا رابرٹس، بریڈ پٹ، بریڈ لی کوپر اور بہترین معاون اداکارہ لوپیٹا نیونگو جیسی معروف شخصیتیں موجود تھیں۔

واضح رہے کہ اس تصویر کے پوسٹ کیے جانے کے صرف 40 منٹ بعد ہی سنہ 2012 میں دوبارہ صدر منتخب ہونے پر صدر براک اوباما اور میشیل اوباما کی تصویر کی سب سے زیادہ ری ٹویٹ کی جانے والی تصویر کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

آسکرز انعامات کی تقریب ختم ہوتے ہوتے اس تصویر کو 20 لاکھ سے زیادہ بار ری ٹوئیٹ کیا جا چکا تھا۔

آسکرز تقریب کی میزبان نے ان ایک ارب لوگوں کو ترغیب دی جو آسکرز انعام کی تقریب دیکھ رہے تھے کہ وہ ان کی تصویر کو ری ٹویٹ کرکے تاریخ رقم کریں اور پھر انھوں نے ایک گھنٹے سے بھی کم وقفے کے بعد یہ اعلان کیا کہ ہدف پورا کر لیا گيا ہے۔

انھوں نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں کہا: ’ہم نے ٹوئیٹر کو کریش کر دیا ہے۔‘ تاہم انھوں نے بتایا کہ اس کی خدمات پھر سے بحال کر لی گئی ہیں۔

دریں اثنا 70 لاکھ سے زیادہ ٹویٹ ہیش ٹیگ ’آسکرز‘ اور ہیش ٹیگ ’آسکرز 2014‘ سے ٹویٹ کیے گئے۔

اطلاعات کے مطابق کینیا کی اداکارہ لوپیٹا نیونگو کے لیے ٹوئٹر پر ایک بڑی رات تھی۔ انھیں 12 ایئرز اے سلیو میں کپاس کی کاشت میں ایک نوجوان غلام لڑکی پیٹسی کا کردار ادا کرنے کے لیے انعام سے نوازا گیا۔

ان کی تقریر سے اقتباسات بڑے پیمانے پر ٹویٹ کیے گئے۔ بطور خاص یہ جملہ بہت زیادہ ری ٹویٹ ہوا: ’ہمیں اور ہر چھوٹے بچے کو یہ یاد رہنا چاہیے کہ آپ جہاں کہیں سے بھی تعلق رکھتے ہوں آپ کے خواب حقیقی ہیں۔‘

ابھی تقریب شروع بھی نہیں ہوئی تھی لیکن لندن سے نیروبی اور لاس اینجلس تک نیونگو اپنے سادہ لباس اور چمکیلے ہیڈ بینڈ کے لیے ٹرینڈ کر رہی تھیں۔

ان کے لیے استعمال ہونے والا سب سے مقبول ہیش ٹیگ ’نیروبی بلو‘ تھا اور یہ آسکرز میں ریڈ کارپٹ پر ان کی گفتگو کے بعد سے شروع ہوگیا جس میں انھوں نے کہا کہ ان کا لباس انھیں نیروبی کی یاد دلاتا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption جنیفر لارنس بھی ٹرینڈ کر رہی تھیں لیکن کسی دوسری وجہ سے

وہ بیسٹ ڈریس ہیش ٹیگ کے امیداواروں میں بھی تھیں تاہم کیٹ ہڈسن فیشن کے ناقدین اور ٹویٹ کرنے والوں کا دل جیتنے میں کامیاب ہو گئیں۔

جنیفر لارنس بھی ٹرینڈ کر رہی تھیں لیکن کسی دوسری وجہ سے۔ ان کی تصاویر بھی بہت شیئر کی گئیں۔

آسکرز سے متعلق ’آسکرز فار وینزویلا‘ نامی ہیش ٹیگ بھی نمایاں تھا۔ اسے وینزویلا میں جاری مظاہروں کو اجاگر کرنے کے لیے کیا گیا تھا اور اس کا استعمال قریب سات لاکھ بار کیا گيا۔

فلم ’ڈیلس بائرز کلب‘ میں اداکاری کے لیے بہترین سپورٹنگ اداکار کے انعام سے سرفراز ہونےوالے جیرڈ لوٹو نے اپنی تقریر میں اس کا ذکر کیا جب انھوں نے کہا ’ہم آج کی رات آپ کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔‘ ان کا اشارہ یوکرین اور وینزویلا دونوں کی جانب تھا۔

ان کے اس بیان کا وینزویلا کے اداکار آلبی دی آبریو نے خیر مقدم کیا۔