شاہ رخ اور پرینکا بدترین اداکاری کے ایوارڈز کے لیے نامزد

تصویر کے کاپی رائٹ pr
Image caption شاہ رخ خان اور پرینکا چوپڑہ اپنی مختلف النوع اداکاری کے لیے جانے جاتے ہیں

بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان اور پرینکا چوپڑہ جہاں بہترین اداکاری کے انعامات کے لیے نامزد ہوتے رہے ہیں وہیں انھیں اس بار بدترین اداکاری کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

ہالی وڈ کے ’راسپ بیریز‘ کی طرز پر بالی وڈ میں بھی سب سے خراب فلموں اور اداکاری کے لیے ’گھنٹہ ایوارڈ‘ دیا جاتا ہے۔ پہلے اس ایوارڈ کو ’کیلا ایوارڈ‘ کہا جاتا تھا۔

اس ایوارڈ کے لیے اس بار شاہ رخ کے ساتھ اکشے کمار کا نام بھی شامل ہے۔ شاہ رخ خان کو فلم ’چینّئی ایکسپریس‘ میں خراب اداکاری کے لیے نامزد کیا گیا ہے تو اکشے کمار کو ’ونس اپان اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ‘ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

اس ایوارڈز کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ ایوارڈ بالی وڈ اور بطور خاص ہندی فلموں میں بدترین ادکاری اور پیش کش کے لیے دیا جاتا ہے۔ اس تقریب کا یہ چوتھا سال ہے۔

اپنے زمانے کے معروف اداکار راج ببّر کے بیٹے پرتیک ببّر کو فلم ’ایسک‘ یعنی عشق کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

اس ایوارڈ کے لیے ادکارہ پرینکا چوپڑہ کو فلم ’زنجیر‘ کے لیے جبکہ کنگنا راناوت کو فلم رجّو کے لیے نامزد کیا گيا ہے۔

اپنے زمانے کے معروف اداکار شتروگھن سنہا کی بیٹی سوناکشی سنہا جنھوں نے حال میں کئی ہٹ فلمیں دی ہیں انھیں فلم ’بلیٹ راجہ‘ کے لیے بدترین اداکارہ کے زمرے میں نامزد کیا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reliance Ent
Image caption بدترین فلموں کے لیے ’بیشرم‘، ’آر راجکمار‘، اور ’ہمت والا‘ کو نامزد کیا گیا ہے

اس ایوارڈ کا فیصلہ آن لائن ووٹنگ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ سنہ 2014 کے لیے 13 مختلف زمروں میں یہ ایوراڈز دیے جائیں گے جن کے نتائج کا اعلان 14 مارچ کو کیا جائے گا۔

بدترین فلموں کے لیے ’بیشرم‘، ’آر راجکمار‘، اور ’ہمت والا‘ کے نام ہیں جبکہ بدترین ہدایت کار کے لیے ’چینئی ایکسپریس‘ کے روہت شیٹی، ’ہمت والا‘ کے ساجد خان اور رام گوپال ورما کے نام سامنے آئے ہیں۔

بدترین معاون اداکاروں میں ’ونس اپان اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ‘ کے لیے عمران خان، ’سونا سپا‘ اور ’جیک پاٹ‘ کے لیے نصیرالدین شاہ، اور ’دھوم تھری‘ کے لیے ابھیشیک بچن کے نام ہیں۔

پرینکا چوپڑہ بدترین معاون اداکارہ کے لیے بھی نامزد ہیں۔ ان کے علاوہ ’ریس ٹو‘ اور ’شارٹ کٹ رومیو‘ کے لیے امیشا پٹیل اور ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ کے لیے سونم کپور نامزد ہیں۔

بدترین جوڑی کے لیے رتیک روشن اور کنگنا راناوت کی جوڑی، ’بے شرم‘ میں رنبیر کپور اور پلّوی شاردا کی جوڑی اور ’دھوم تھری‘ میں عامر خان اور قطرینہ کیف کی جوڑی نامزد ہوئي ہے۔

واضح رہے کہ ’دھوم تھری‘ کمائی کے لحاظ سے ابھی تک کی کامیاب ترین فلم رہی ہے۔

اسی بارے میں