مائيکل جیکسن کا نیا البم مئی میں ریلیز ہو رہا ہے

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption جیکسن 50 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

عالمی سطح پر مقبول ترین پاپ سٹار آنجہانی مائیکل جیکسن کا نیا البم اس سال 13 مئی کو ریلیز ہو رہا ہے۔

اس میں جیکسن کے آرکائیو سے لیے گئے ان کے آٹھ نئے گیت شامل ہیں جو کہ مائیکل جیکسن کے آرکائیو سے نکالے گئے ہیں۔

اس البم کا نام ’ایکس سکیپ‘ (Xscape) رکھا گيا ہے اور اس کے گیت کو ایپک ریکارڈز کے چیئرمین ایل اے ریڈ نے منتخب کیا ہے۔

انھوں نے چار دہائیوں پر محیط جیکسن کے خزانے سے ان گیتوں کو نکالا ہے۔ جیکسن کے آرکائیو میں کئی طرح کی چیزیں تھیں جن میں ان کے ڈیموز اور آف کٹس شامل تھے۔

ان کے انتخاب کے بعد ان ٹریکس کو ٹمبالینڈ جیسے بڑے امریکی آرٹسٹ نے اپ ڈیٹ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ٹمبالینڈ جسٹن ٹمبرلیک اور سٹارگیٹ جیسے فنکاروں کے ساتھ کام کرتے ہیں اور انھوں نے ریانا اور بیانسے جیسے فن کاروں کو پروڈیوس کیا ہے۔

ریڈ نے مائیکل جیکسن کے ٹریکس پر کیے جانے والے اپ دیٹ کو ہم ’عصر مزاج سے ہم آہنگ بنانے‘ کے مترادف قرار دیا ہے۔

ریڈ نے کہا: ’مائیکل اپنے پیچھے اپنے بعض میوزیکل پرفارمنسز چھوڑ گئے ہیں جسے ہم ان پروڈیوسروں کے ویژن کے ذریعے پیش کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں جن کے ساتھ یا تو انھوں نے براہِ راست کام کیا یا پھر جن کے ساتھ کام کرنے کی ان کی شدید خواہش تھی۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’ان کے ان ٹریکس کو دنیا کے سامنے پیش کرنے میں ہم فخر اور عزت افزائی محسوس کرتے ہیں۔‘

اس البم کے ڈیلکس ایڈیشن میں ان کے آٹھ ٹریکس اپنی اصلی شکل میں بھی موجود ہوں گے جبکہ ان میں ان کا ریمکس ورژن بھی ہوگا۔

’ایکس سکیپ‘ البم میں واحد ایسا گیت ہے جسے اس کے حقیقی پروڈیوسر روڈنی جرکنز نے اپ ڈیٹ کیا ہے۔ انھوں نے جیکسن کے ساتھ ان کے آخری سٹوڈیو البم ’اِن ونسیبل‘ پر سنہ 2001 میں کام کیا تھا۔

جیکسن کی جائیداد کے مشترکہ قانونی منتظ جان برینکا اور جان میکلین نے کہا: ’مائیکل ہمیشہ جدید ترین رہنے کی کوشش کرتے تھے اور وہ ہمیشہ نئے پروڈیوسروں کے ساتھ کام کرنے کے مشتاق رہے اور مسلسل نئی آوازوں کے متلاشی رہے۔ وہ ہمیشہ وقت کے ساتھ چلتے رہے اور تازہ رہے۔ یہ گیت بہت معنوں میں ان کی اسی جذبے کی عکاس ہیں۔ ہم ایل اے ریڈ کے ان کے ویژن کے لیے شکرگزار ہیں۔‘

اس پروجیکٹ پر کام کرنے والے دیگر افراد میں میکلین اور جیروم جے راک ہرمون شامل ہیں۔

یاد رہے کہ جیکسن 50 سال کی عمر میں 25 جون سنہ 2009 میں انتقال کر گئے تھے۔

اسی بارے میں