گرودت کی خودکشی کا سبب کسی کو معلوم نہیں: وحیدہ رحمان

Image caption وحیدہ رحمان نے بالی وڈ کو کئی یادگار فلمیں دی ہیں اور ان کی جوڑی گرودت، دلیپ کمار اور دیوآنند کے ساتھ بہت ہٹ رہی تھی

ممبئی کے سوفیٹل ہوٹل میں بالی وڈ کی مشہور اداکارہ وحیدہ رحمان پر لکھی جانے والی ایک کتاب کی تقریب رونمائی کے موقعے پر وہاں صحافی مدھو پال نے بی بی سی کے لیے ان سے بات کی۔

سنہ 60 کی دہائی میں بالی وڈ اپنے فن کا جادو جگانے والی وحیدہ رحمان پر یہ کتاب نسرین منّی کبیر نے لکھی ہے۔ مدھو نے لکھا ہے کہ وحیدہ رحمان نے بے حد دیدہ زیب ساڑھی پہن رکھی تھی اور 70 سال کی عمر کے باوجود وہ خوبصورت اور باوقار نظر آ رہی تھیں۔

یہاں مدھو کے ساتھ ان کی بات چیت پیش ہے۔

آپ کے چاہنے والوں کے لیے اس کتاب میں کیا کیا دلچسپ باتیں ہیں؟ اس کے جواب میں وحیدہ رحمان نے کہا: ’مجھ سے نسرین نے جو پوچھا، میں بتاتی گئی۔ اس کتاب میں بچپن سے لے کر اب تک کی ساری باتیں ہیں۔ جہاں تک دلچسپ یادوں کی بات ہے تو وہ میں نہیں کہہ سکتی۔

’کیونکہ یہ عین ممکن ہے کہ مجھے جو دلچسپ لگتا ہو وہ قارئین کو نہ لگے یا قاری کے لیے جو دلچسپی کا باعث ہو میری نظر میں اتنا مزیدار نہ ہو۔‘

اپنی کامیابی کے سوال پر انھوں نے کہا: ’میں نے کچھ نہیں سوچا تھا۔ اس کے لیے میں اپنے آپ کو خوش قسمت مانتی ہوں۔ مجھے جو کام ملا اسے میں نے پوری ایمانداری کے ساتھ کیا۔ ‘

قریبی دوست نندا کے متعلق سوال پر انھوں نے کہا: ’میرا اور نندا کا رشتہ بہت گہرا ہے۔ 55 سالوں کی دوستی تھی۔ ان کی یاد تو ہمیشہ رہے گی۔ ہم یہ کتاب پہلے ہی جاری کرنے والے تھے لیکن اس کے ٹھیک دو دن پہلے ہی نندا ہمیں چھوڑ کر چلی گئیں۔ تب میں نے یہ پروگرام ٹال دیا تھا۔‘

نندا تو اب اس دنیا میں نہیں لیکن جب آپ آشا پاركھ، سادھنا، وغیرہ جیسی دوستوں سے ملتی ہیں تو کس طرح کی باتیں ہوتی ہیں کیا پرانے دور کی بھی باتیں ہوتی ہیں؟

اس کے جواب میں انھوں نے کہا: ’ہاں ، ہوتی ہیں۔ لیکن ہر وقت گزرے زمانے کی باتیں ہم لوگ نہیں کرتے۔ اس دور کی بات کرتے ہیں۔ نئی فلموں کی باتیں ہوتی ہیں۔ کھانے پینے کی باتیں ہوتیں ہیں۔ سیر و تفریح کی باتیں ہوتی ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Saira Bano
Image caption وحیدہ رحمان کے مطابق فی الحال بالی وڈ میں چار خانوں کا راج ہے

کئی فنکار آپ کے پرستار ہیں۔ امیتابھ بچن، جن کے ساتھ آپ نے کچھ فلمیں بھی کی ہیں وہ آپ کو ہندی سنیما کی سب سے خوبصورت اداکارہ مانتے ہیں۔ اس پر آپ کے کیا تاثرات ہیں؟

انھوں نے کہا: ’یہ بچن جی کی مہربانی ہے۔ ذرّہ نوازي ہے۔ وہ اکثر میری تعریف کرتے رہتے ہیں۔ میں ان سے تعریف سن کر خوش ہو جاتی ہوں۔ اور کیا کہوں؟‘

حال کی اچھی فلم جو انھوں نے دیکھی ہے اس کے بارے میں کہا: ’میں نے کنگنا راناوت کی کوئن دیکھی اور مجھے بہت پسند آئی ویسے بھی وہ لڑکی مجھے بہت پیاری لگتی ہے۔ اس کے علاوہ دیپکا پاڈوکون، ودیا بالن اور سونم بھی مجھے پسند ہیں۔‘

Image caption وحیدہ رحمان خود پہ لکھی کتاب کے ساتھ

پسند کے اداکاروں کے بارے میں وحیدہ رحمان نے کہا: ’دیکھیے اداکاروں میں تو یہ چار خان ہی ہیں۔ یہی چھائے رہتے ہیں۔ عامر، شاہ رخ، سلمان اور سیف۔ سلمان تو میرے پڑوس میں ہی رہتا ہے۔ بچپن سے اسے دیکھا ہے۔ خاندان کی طرح ہے وہ۔‘

کسی نے ان سے گرودت کے متعلق سوال پوچھ لیا تو انھوں نے کہا: ’یہ میری ذاتی زندگی ہے۔ کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ اس پر کوئی سوال اٹھائے۔‘

پھر کسی نے پوچھا کہ گرو دت کی خود کشی کے پیچھے کیا وجہ تھی تو وحیدہ نے کہا: ’کسی کو بھی ان کی خود کشی کی وجہ نہیں معلوم۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ کاغذ کے پھول کی ناكامي کی وجہ سے وہ ڈپریشن میں تھے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ یہ وجہ ہوگی کیوں کہ اس فلم کے بعد انھوں نے چودہویں کا چاند بنائی جو سپر ہٹ رہی۔‘

وحیدہ رحمان نے اپنے کریئر کے ابتدائی دنوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا: ’میں نے کریئر کی شروعات میں گرودت جی کے ساتھ تین سال کا كنٹریكٹ کیا تھا لیکن میں نے شرط رکھی تھی کہ کپڑے اپنی مرضی کے ہی پہنوں گي۔ کوئی ڈریس پسند نہیں آیا تو مجھے اسے پہننے کے لیے مجبور نہیں کیا جا سکے گا۔

Image caption وحیدہ رحمان نے حال ہی میں فلم وشوروپم ٹو کی شوٹنگ ختم کی ہے

’میں نے فلموں میں کبھی بکنی نہیں پہنی کیونکہ مجھے لگتا ہے میرا فگر ویسا نہیں تھا۔ اصل زندگی میں بھی میں نے کبھی سليولیس بلاؤز نہیں پہنا۔ بکنی تو بہت دور کی بات ہے۔‘

انھوں نے حال ہی میں کمل ہاسن کی فلم ' وشوروپم -2 ' کی شوٹنگ ختم کی ہے اور اب وہ اپنا پورا وقت اہل خانہ کو دینا چاہتی ہیں۔

اسی بارے میں