رانی مکھرجی کی آدیتیہ راج سے شادی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption رانی مکھرجی نے بالی وڈ کو کئی یادگار فلمیں دی ہیں

بالی وڈ کی معروف اداکارہ رانی مکھر جی نے شادی کر لی۔

رانی کے بارے میں مبینہ طور پر یہ کہا جاتا رہا تھا کہ وہ معروف فلم ساز یش راج کے بیٹے آدیتیہ راج کی قریبی دوست رہی ہیں، لیکن اب اس پر مہرِ تصدیق لگ چکی ہے۔

پیر کو اٹلی میں رانی مکھرجی اور آدتیہ چوپڑا نے شادی کر لی۔

یش راج فلمز کی جانب سے جاری ایک اعلان نامے میں رانی مکھرجی نے لکھا: ’میں اپنے تمام دوستوں اور مداحوں کو اپنی زندگی کے سب سے حسین دن کے بارے میں بتا رہی ہوں، جن کی محبتیں اور دعائیں ہمیشہ میرے ساتھ رہیں۔ میں جانتی ہوں کہ میرے چاہنے والوں کو اس بات کا لمبے عرصے سے بے صبری سے انتظار تھا۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’میں نے اور آدتیہ نے بعض قریبی لوگوں کی موجودگی میں شادی کی۔ اس موقعے پر میں نے جس شخص کو سب سے زیادہ مس کیا وہ تھے یش انکل، لیکن میں جانتی ہوں کہ وہ ہمارے ساتھ ہر وقت ہیں اور مجھے اور آدیتہ کو اپنی نیک تمنائیں دے رہے ہیں۔

’میں ہمیشہ پریوں کی کہانیوں میں یقین رکھتی ہوں اور اوپر والے کی وجہ سے میری زندگی بھی ان کہانیوں کی ہی طرح بن گئی ہے اور اب میں اپنی زندگی کے سب سے اہم حصے میں قدم رکھ رہی ہوں۔‘

سلمان کی استادی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سلمان نے طلبہ کو ’سٹار‘ اور ’اداکار‘ کے درمیان فرق کے بارے میں بتایا

سلمان خان نے پردۂ سیمیں پر مختلف قسم کے کردار ادا کیے لیکن حال ہی میں انھوں نے اصل زندگی میں ایک استاد کا کردار ادا کیا۔

سلمان خان حال ہی میں ممبئی میں معروف فلم ساز اور ہدایت کار سبھاش گھئی کے ایکٹنگ سکول میں لیکچر دے کر باقاعدہ استاد بن گئے۔

انھوں نے طلبہ کو ایکٹنگ کے بارے میں تو بتایا ہی، ساتھ ہی انھوں نے ’سٹار‘ اور ’اداکار‘ کے درمیان کے فرق کو واضح بھی کیا۔

انھوں نے تمام طلبہ سے بات کی اور ان کے ساتھ جم جا کر تھوڑی دیر کے لیے ورزش بھی کی۔

واضح رہے کہ اس ہفتے سبھاش گھئی کی فلم ’كانچي‘ ریلیز ہو رہی ہے۔

دیپکا اور رنبیر پھر سے ایک ساتھ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption رنبیر کپور اور دیپکا پاڈوکون نے اس سے قبل دو فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے

ایک زمانے میں انتہائی قریب رہنے والے رنبیر کپور اور دیپکا پاڈوکون کی آن سکرین جوڑی کو ناظرین نے فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ میں بہت سراہا ہے۔

یہ جوڑی ایک بار پھر باکس آفس پر نظر آنے والی ہے۔ دونوں امتیاز علی کی فلم ’تماشا‘ میں ایک ساتھ ہیں۔

رنبیر کپور اور دیپکا نے اس سے پہلے ’بچنا اے حسینو‘ میں بھی ایک ساتھ کام کیا ہے۔

رنبیر کپور نے امتیاز علی کے ساتھ ’راك سٹار‘ فلم میں اداکاری کی تھی جو بہت کامیاب ہوئی تھی۔

دیپکا پاڈوکون نے امتیاز علی کی فلم ’لو آج کل‘ میں سیف علی کے ساتھ کام کیا تھا۔ یہ فلم بہت پسند کی گئی اور باکس آفس پر کامیاب بھی رہی۔

اسی بارے میں