گلوکارہ بیونسے ٹائم میگزین کے سرورق پر

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ایک سو اثرو رسوخ والے افراد کی فہرست میں بیونسے بھی شامل ہیں

امریکی میگزین ٹائم نے سب سے زیادہ اثرورسوخ 100 افراد کے شمارے کے لیے ممتاز گلوکارہ بیونسے کی تصویر سر ورق پر شائع کی ہے۔

32 سالہ گلوکارہ بیونسے کے بارے میں فیس بک کی ایگزیکٹیو شیرل سینڈبرگ نے تفصیل سے لکھا ہے۔

شیرل اور بیونسے نے حال ہی میں ایک مہم پر کام کیا تھا جس کا مقصد کام کرنے والی خواتین کے بارے میں لفظ ’bossy‘ کے استعمال کی مخالفت تھی۔

ٹائم جریدے کے ایک سو بااثر ترین افراد کی فہرست میں پوپ فرانسس بھی شامل ہیں جن کا تعارف امریکی صدر براک اوباما نے لکھا ہے۔

دیگر افراد میں برطانیہ کے بینیڈکٹ کمبربیچ ہیں جن کو اداکار کولن فرتھ نے نامزد کیا تھا۔ اس کے علاوہ 12 ایئرز اے سلیو کے ڈائریکٹر سٹیو میک کوئن بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سی آئی اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈن، سکینڈل سیریز کی اداکارہ کیری واشنگٹن، اور امیریکن ہسلر کی اداکارہ ایمی ایڈمز بھی اس فہرست میں براجمان ہیں۔

بیونسے کے بارے میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے دسمبر میں ایک ایسی البم ریلیز کر کے موسیقی کی صنعت کے قوانین اور ریکارڈ توڑ ڈالے تھے جس کے بارے میں پہلے سے اعلان نہیں کیا گیا تھا۔

فیس بک کی ایگزیکٹیو سیرل سینڈبرگ نے بیونسے کو ’دا باس‘ قرار دیا ہے۔ شیرل نے لکھا: ’بیونسے سٹیج پر اور سٹیج کے پیچھے خواتین کی خودمختاری کے حق میں ہیں اور عورتوں پر اپنی آواز بلند کرنے کے لیے زور دیتی ہیں۔

بیونسے نے اپنے کریئر کا آغاز ’ڈیسٹنیز چائلڈ‘ سے کیا تھا اور اس کے بعد سے انھوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

بیونسے نے گلوکاری کے ساتھ ساتھ نہ صرف فلمیں کی ہیں بلکہ اپنی فیشن لائن بھی شروع کی ہے۔

اسی بارے میں