بالی وڈ راؤنڈ اپ

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

امیتابھ سے انوراگ کشیپ نروس

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

بالی وڈ فلموں کو ایک نئی جہت دینے والے فلم ساز اور ہدایت کار انوراگ کشیپ یوں تو بہت پر اعتماد نظر آتے ہیں لیکن بعض اوقات ان کے مطابق وہ بھی نروس ہو جاتے ہیں۔

حال ہی میں انھیں پہلی بار امیتابھ بچن کو ایک ٹی وی سیریل کے لیے ہدایت دینے کا موقع ملا جہاں وہ کافی نروس نظر آئے تھے۔

اپنے مخصوص دیسی انداز میں بات کرتے ہوئے انوراگ نے بتایا ’میں آج بھی ان کے سامنے نروس ہو جاتا ہوں۔ پہلی بار جب مجھے ان کو ہدایت دینی تھی تو میں پہلے سین میں کچھ بول ہی نہیں سکا۔ میں کہنا چاہتا تھا لیکن کہہ نہیں پا رہا تھا۔ دوسرے سین میں ہی کچھ بول سکا اور وہ بھی یہ کہ کہ سر اپنا آئی پیڈ ہاتھ میں لے لیں۔‘

فلم ساز اور ہدایت کار کے طور پر ان کی آنے والی فلم ’بامبے ویلویٹ‘ ہے جس میں رنبیر کپور اور انشكا شرما ہیں۔

لیکن ناظرین جلد ہی ان کا پہلا ٹی سیریل دیکھیں گے۔

سلمان اپنی پہلی فلم کی ہیروئن کے لیے

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

سلمان خان نے بالی ووڈ میں نئے چہروں کو روشناس کرانے کا بیڑا اٹھا رکھا ہے۔ سنیل شیٹی کی بیٹی اور آدتیہ پنچولي کے بیٹے کے بعد وہ اپنی سپر ہٹ فلم ’میں نے پیار کیا‘ کی ہیروئین بھاگيہ شري کے بیٹے کی قسمت چمکانے کے لیے کمر بستہ ہیں۔

اطلاعات کے مطابق بھاگيہ شري کے 24 سالہ بیٹے ابھمنّیو ہندی فلموں میں آنے کے لیے تیار ہیں اور اس کے لیے سلمان خان نے ان کا ہاتھ تھاما ہے۔

بھاگيہ شري سے ممبئی کے ایک اخبار نے بات کی تو انھوں نے کہا کہ ’فی الحال ابھمنیو اپنے مقصد کے حصول کے لیے کوشاں ہیں جیسے ہی وہ اداکار بننے کے قریب ہوں گے انھیں کسی کا ساتھ ملے گا تو میں بتاؤں گي۔‘

بھاگيہ شري کے بیٹے نے انوپم کھیر کے ایکٹنگ سکول سے اداکاری کا کورس کیا ہے۔ اس کے علاوہ انھوں نے روہن سپپي کی بعض فلموں میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام بھی کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سلمان سے شاید ابھمنيو کو اچھی باڈی بنانے کی ہدایت ملی ہے۔

سونم کپور کا ہدایت کار بننے کا خواب

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

بالی وڈ کی معروف اداکارہ سونم کپور نے اپنے مستقبل کا مکمل خاکہ تیار کر رکھا ہے۔ فی الحال تو وہ فلموں میں اداکارہ کے طور پر ہی نظر آتی ہیں لیکن مستقبل میں ان کا ارادہ ہدایت کار بننے کا ہے۔

سونم کہتی ہیں کہ ’میں اگلے پانچ چھ سالوں میں فلمیں ہدایت کرنا شروع کر دوں گی۔ میں نے جب اس انڈسٹری میں قدم رکھا تھا تو میں کبھی ہیروئن بننا نہیں چاہتی تھی۔ میں ہمیشہ ڈائریکٹر ہی بننا چاہتی تھی۔ یہ ہمیشہ سے میرا خواب رہا ہے اور میں اپنے خواب کی تکمیل چاہتی ہوں۔‘

سونم کپور فی الحال دو نئی فلموں میں اہم کردرا ادا کرتی نظر آئیں گی۔ انھوں نے بتایا کہ ابھی ان فلموں پر کام جاری ہے۔

سونم کپور معروف اداکار انیل کپور کی بیٹی ہیں اور اپنی خوش لباسی کے لیے شہرت رکھتی ہیں۔