سلمان صحافی پر برس پڑے: ’مائیک چھین لو اس کا‘

سلمان خان اور پریتی زنٹا تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سلمان خان اور پریتی زنٹا کئی فلمیں ایک ساتھ کر چکے ہیں

’مائیک کون چھينےگا ان کا؟ مائیک چھین لو ان کا، اس سے پہلے کہ کوئی مائیک چھینے آپ خود دے دو مائیک اپنا۔‘ یہ جواب تھا سلمان خان کا جب ایک خاتون صحافی نے ان سے پریتی زنٹا اور نیس واڈیا کے معاملے پر ردِعمل جاننا چاہا۔

اپنے سابق بوائے فرینڈ نیس واڈیا پر دھمکی دینے اور ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کرانے کے بعد سنیچر کو پریتی زنٹا نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا: ’پچھلے کچھ وقت سے میرے ساتھ تمام بدتميزياں ہوتی رہی ہیں، لیکن میرے اردگرد کے لوگوں میں سے کسی نے میرا ساتھ نہیں دیا۔‘

اس کے بعد بھی اب تک بالی وڈ سے کوئی کھل کر پریتی زنٹا کی حمایت میں سامنے نہیں آیا۔

سوال پوچھنے پر ناچنے لگے سلمان

سلمان خان پریتی زنٹا کے ساتھ کئی فلمیں کر چکے ہیں اور جب بطور فلمساز پریتی نے اپنی پہلی فلم ’عشق ان پیرس‘ بنائی تھی تب ان کی خصوصی درخواست پر سلمان اس فلم میں ایک آئٹم سانگ کرنے کو بھی تیار ہو گئے تھے۔ اُس وقت سلمان نے پریتی کو اپنی بے حد ’قریبی دوست‘ قرار دیا تھا۔

تو جب ممبئی میں اپنی فلم ’ کک‘ کے پروموشن کے لیے سلمان خان پہنچے تو ان سے ان کی ’قریبی دوست‘ کے معاملے پر رد عمل طلب کیا گیا۔

سلمان خان چھوٹتے ہی بولے: ’ آپ غلط جگہ پر ہو، آپ کا مائیک چھین لیا جائے گا۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Ishq In Paris
Image caption سلمان خان نے پریتی کی پروڈکشن میں بنی فلم ’عشق اِن پیرس‘ میں آئٹم نمبر کیا تھا

اس کے بعد بھی جب سلمان سے پوچھا گیا کہ پریتی آپ کی دوست ہیں اس وجہ سے آپ سے یہ سوال پوچھا گیا تو سلمان جواب دینے کے بجائے اٹھ کر ناچنے لگے۔

کیا بولے شاہ رخ؟

اسی طرح سے پریتی کے ساتھ ’دل سے،‘ ’ویرزارا،‘ ’کل ہو نہ ہو‘ اور ’ کبھی الوداع نہ کہنا‘ جیسی سُپر ہٹ فلمیں کرنے والے شاہ رخ خان سے یہ سوال پوچھا گیا تو وہ بولے: ’یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے۔ پریتی نے معاملہ اٹھایا ہے اور اس کو قانونی طور پر حل کیا جائے گا۔ پریتی میری دوست ہیں تو میں ان سے اس معاملے پر بات کروں گا۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شاہ رخ کا کہنا ہے کہ یہ پریتی کا ذاتی معاملہ ہے

’ کیا کہنا‘ اور ’سلام نمستے‘ جیسی فلموں میں پریتی کے ساتھ کام کرنے والے اداکار سیف علی خان نے اس معاملے پر کہا: ’میں دونوں کا دوست ہوں اس وجہ سے یہ خبر سن کر مجھے بڑا دکھ پہنچا ہے۔ نیس کے ساتھ میں سکول جاتا تھا۔ جہاں تک میں انھیں جانتا ہوں، وہ ایک اچھے شخص ہیں۔ میں امید کرتا ہوں کہ دونوں اس مسئلے کو بات چیت سے سلجھا لیں گے اور خوش رہیں گے۔‘

اس کے علاوہ بالی وڈ سے اور کسی نے اس پورے معاملے پر تبصرہ نہیں کیا ہے۔

انڈر ورلڈ کے خلاف پریتی کا قدم

غور طلب ہے کہ پریتی زنٹا ہی بالی وڈ کی وہ واحد اداکار ہیں جو انڈر ورلڈ کے خلاف کھل کر سامنے آئی تھیں۔

انھوں نے کہا تھا کہ سال 2000 میں ان کی فلم ’چوری چوری چپکے چپکے‘ میں کام کرنے کے دوران ان سے انڈر ورلڈ کی جانب سے 50 لاکھ روپے تاوان مانگا گیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption پریتی بالی ووڈ میں اپنے بے باک انداز کے لیے مشہور ہیں

پریتی اپنے اس بیان پر قائم رہیں اور انھوں نے اسے ریکارڈ بھی کرایا تھا۔

بالی وڈ کے کئی اور نامور فنکاروں اور فلم سازوں نے پہلے تو انڈر ورلڈ سے دھمکی دینے کی شکایت درج کرائی لیکن بعد میں وہ اپنے بیان سے پلٹ گئے تھے۔

اسی بارے میں