سلمان اور شاہ رخ ایک بار پھر بغل گیر

تصویر کے کاپی رائٹ Ajay Pancholi
Image caption شاہ رخ اور سلمان ایک بار پھر گلے ملے اور اس بار بھی افطار کے موقعے پر

رمضان کے مہینے میں بالی وڈ کے دو ستارے سلمان خان اور شاہ رخ خان ایک افطار پارٹی کے موقعے پر ایک بار پھر گلے ملے۔

اس سے قبل گذشتہ سال بھی یہ دونوں ایک ایسی ہی افطار پارٹی پر گلے ملے تھے اور میڈیا میں ان کے پھر سے دوست بننے کے آثار پر بہت باتیں ہوئی تھیں۔

تاہم بعد میں دونوں نے کسی قسم کی دوستی کی بات سے انکار کیا تھا تاہم انھوں نے دشمنی نہ نبھانے کی بھی بات کہی تھی۔

اس کے بعد کئی پروگراموں میں دونوں نے ایک دوسرے کی دبے لفظوں میں ہی سہی تعریف بھی کی تھی۔

گذشتہ شام افطار پارٹی کے بعد اپنی آنے والی فلم ’کک‘ کے پروموشن کے سلسلے میں سلمان خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ رخ خان سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔

انھوں نے کہا: ’آج میں شاہ رخ سے ملا۔ وہ اچھا آدمی ہے۔ میں اسے پسند کرتا ہوں۔ میں نے اسے ہمیشہ پسند کیا ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ stargold
Image caption اس کے بعد ایک ایوارڈ تقریب میں بھی دونوں بغل گیر ہوئے تھے

بہر حال اس ملاقات کے بارے میں ابھی شاہ رخ کے خیالات کا علم نہیں ہے۔

اس بار بھی ممبئی میں بابا ضیاءالدین صدیقی کی جانب سے دی گئی افطار پارٹی میں یہ دونوں یکجا ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ بابا صدیقی کی افطار پارٹی ہر سال منعقد ہوتی ہے اور اب بالی وڈ کے مشاہیر کے لیے بڑی تقریب تصور کی جانے لگی ہے۔

ان دونوں کے علاوہ اس پارٹی میں سلمان کے بھائی سہیل خان اور ارباز خان والد سلیم خان بھی موجود تھے۔ ان کے علاوہ معرف ہدایت کار مدھر بھنڈار کے ساتھ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان بھی وہاں موجود تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ pr
Image caption یہ منظر گذشتہ سال کی پارٹی کا ہے

اسی بارے میں