’میرا خیال تھا کہ عمران ہاشمی بے شرم ہوں گے‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption میں عمران ہاشمی کی ہر فلم دیکھتی ہوں: حمائمہ

پاکستانی ادا کارہ حمائمہ ملک نے کہا ہے کہ ان کا خیال تھا کہ بھارتی ادا کار عمران ہاشمی اپنی اصل زندگی میں بھی بے شرم ہوں گے۔

بھارتی خبر رساں ادارے پرسٹ ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق حمائمہ ملک بالی ووڈ کی فلم ’راجہ نٹور لال‘ میں عمران ہاشمی کے ساتھ جلوہ گر ہو رہی ہیں۔

حمائمہ نے عمران ہاشمی کے بارے میں کہا کہ ’ابتدا میں سوچتی تھی کہ وہ جس طرح فلموں میں بے شرم دکھائی دیتے ہیں، اپنی اصلی زندگی میں بھی ایسے ہی ہوں گے۔‘

حمائمہ اس فلم سے اپنی بالی وڈ کریئر کا آغاز کر رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’عمران سے ملنے سے پہلے میں سمجھتی تھی کہ وہ بے شرم ہوں گے لیکن جب میں ان سے ملی تو انھوں نے مجھے مکمل طور پر نظر انداز کر دیا اور اپنے کام مگن رہے۔‘

انھوں نے ’رجہ نٹورلال‘ کے ٹریلر کے اجرا کے موقعے پر ممبئی میں صحافیوں کو بتایا کہ عمران کے ساتھ اس ملاقات کے بعد ’میں نے اپنے خاندان کو پیغام دیا کہ عمران اپنی اصلی زندگی میں ایک اچھا بندہ ہے۔‘

حمائمہ نے کہا کہ وہ 35 سالہ عمران کی بہت بڑی مداح ہیں: ’میں انھیں اور ان کی تمام فلموں کو پسند کرتی ہوں۔ میں ان کی بڑی مداح ہوں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں پاکستان میں عمران ہاشمی کی ہر فلم اپنی دوستوں کے ساتھ مل کر دیکھتی ہوں۔‘

پاکستانی اداکارہ نے کہا کہ ’ان کے ساتھ کام کرنا بہت ہی اچھا تجربہ تھا۔انھوں نے مجھے پرسکون رکھا۔ وہ ہنسی مذاق کرنے والا لڑکا ہے۔‘

حمائمہ نے کہا کہ ’میں بھارت پہلے بھی آئی ہوں اور مجھے یہاں آنا اچھا لگتا ہے۔ میں خوش ہوں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ مجھے دونوں ممالک میں کام مل رہا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ اس فلم میں کام کرنے کا موقع ملا: ’اس فلم میں کام کرنا ایک اچھا تجربہ تھا۔‘

اسی بارے میں