بالی وڈ راؤنڈ اپ

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

کرینہ کپور کو اجے سے پریشانی

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption اس سے قبل اجے دیوگن اور کرینہ کپور گول مال سیریز میں بھی ایک ساتھ تھے اور یہ فلم کامیاب رہی تھی

بالی وڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ ’سنگھم 2‘ میں اجے دیوگن کے ساتھ کام کرنے کے دوران انھیں بہت سی دشواریوں کا سامناکرنا پڑا۔

کرینہ کو شکایت ہے کہ اجے دیوگن بہت زیادہ سگریٹ پیتے ہیں اور اس سے ان کے ساتھ بیٹھنا تک مشکل ہو جاتا ہے۔

صحافیوں سے بات چیت میں کرینہ نے کہا: ’شاٹ کے دوران بھی وہ دھواں اڑا رہے ہوتے ہیں۔ ان کے ساتھ ایک کمرے میں کھڑے رہنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔ کئی بار ہم کھانا کھا رہے ہوتے تھے اور اجے سگریٹ پینا شروع کر دیتے تھے۔‘

کرینہ کہتی ہیں: ’پھر ہم نے فیصلہ کیا کہ اب ہم ساتھ میں بیٹھ کر کھانا نہیں کھائیں گے کیونکہ میں سگریٹ کے دھوئیں کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتی۔‘

اس کے علاوہ کرینہ کپور سے سیف علی خان کی فلم ’ہم شکلز‘ کے بارے میں بھی سوالات کیے گئے۔

کرینہ کپور نے اس کے جواب میں کہا کہ سیف ایسی غلطی دوبارہ نہیں کریں گے۔

کون بنے گا کروڑ پتی کا آٹھواں سیزن

تصویر کے کاپی رائٹ Colors
Image caption امیتابھ بچن مسلسل کئی سال سے کون بنے گا کروڑپتی کی میزبانی کرتے آ رہے ہیں

بھارت کے معروف ٹی وی گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے آٹھویں سیزن میں ناظرین شو کے میزبان امیتابھ بچن اور مشہور کامیڈین کپل شرما کو ایک ساتھ دیکھیں گے۔

اس شو کے پہلے مہمان کے طور پر امیتابھ بچن نے کپل شرما کو مدعو کیا ہے۔ اس بات کی اطلاع امیتابھ بچن نے بذاتِ خود اپنے بلاگ میں دی ہے۔

امیتابھ نے لکھا: ’کپل شرما کے ساتھ شو کے پہلے ایپیسوڈ کی شوٹنگ ہم نے مکمل کر لی ہے۔‘

واضح رہے کہ کپل کے شو میں فلم کے سٹارز اپنی فلم کے پروموشن کے لیے جاتے رہتے ہیں۔

امیتابھ بچن بھی کپل کے شو ’کامیڈی نائٹس ود کپل‘ میں مہمان کے طور پر شامل ہو چکے ہیں۔

جھانسی میں 'مرداني'

Image caption اداکارہ رانی مکھرجی نے گذشتہ دنوں فلم ساز آدتیہ چوپڑہ کے ساتھ شادی کر لی

بالی وڈ کی معروف اداکارہ رانی مکھرجی اپنی آنے والی فلم ’مرداني‘ کے پرموشن کے لیے جلد ہی مختلف بھارتی شہروں کا دورہ کرنے والی ہیں۔

لیکن وہ اپنے اس دورے کی شروعات اترپردیش کے شہر جھانسی سے کرنا چاہتی ہیں۔

رانی کے مطابق چونکہ فلم ’مرداني‘ کا مرکزی کردار خاتون ہے اور جھانسی کی رانی لکشمی بائی بہادری میں خواتین کے لیے مثالی حیثیت رکھتی ہیں اس لیے وہ جھانسی سے اپنی مہم کا آغاز یہاں سے کرنا چاہتی ہیں۔

’مرداني‘ میں رانی نے ایک پولیس افسر کا رول ادا کیا ہے۔ فلم 22 اگست کو ریلیز ہونے والی ہے۔ یہ ان کی شادی کے بعد پہلی فلم ہے جو ریلیز ہو رہی ہے۔

کنگنا کی قیمت میں اضافہ

تصویر کے کاپی رائٹ hoture images
Image caption کنگنا کی حالیہ فلم ریوالور رانی کو ناظرین کی جانب سے زیادہ پذیرائی نہیں مل سکی

فلم ’کوئن‘ کی زبردست کامیابی کے بعد بالی وڈ کی اداکارہ کنگنا رانات نے اطلاعات کے مطابق اپنی فیس میں 50 فیصد تک کا اضافہ کر دیا ہے۔

کنگنا کہتی ہیں کہ ’کوئن‘ کے بعد لوگوں کا میرے بارے میں نظریہ بدلا ہے اور مجھے اپنی پسند کے رول مل رہے ہیں تو ایسے میں فیس بڑھانا ایک فطری عمل ہے۔

اگرچہ ’کوئن‘ کے بعد کنگنا کی فلم ’ریوالور رانی‘ کو ناظرین نے زیادہ نہیں سراہا تھا تاہم ’کوئن‘ میں ان کی اداکاری کی فلم ناقدین اور ناظرین دونوں نے بہت پذیرائی کی تھی۔

کنگنا کی آنے والی فلموں میں عمران خان کے ساتھ ’کٹی بٹی‘، سیف علی خان کے ساتھ ریما کگتی کی فلم کے علاوہ ’تنو ویڈس منو‘ کا سیکوئل اور سائی کبیر کی ’ڈیوائن لوورز‘ شامل ہیں۔

اسی بارے میں