جیکی چن بیٹے کی گرفتاری پر شرمندہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption جیکی چین ہالی ووڈ کے معروف اداکار ہیں

معروف اداکار جیکی چن نے اپنے بیٹے جیسی کی منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتاری پر معافی مانگتے ہوئے ’شرمندگی‘ اور ’دکھ‘ کا اظہار کیا ہے۔

31 سالہ جیسی چن کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں جمعرات کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب ان کے گھر سے ایک سو گرام منشیات برآمد ہوئی تھیں۔

سنہ 2009 میں جیکی چن کو بیجنگ کی پولیس نے ’نارکوٹکس کنٹرول امبیسیڈر‘ یعنی منشیات کے استعال کے خلاف مہم کا سفیر مقرر دیا تھا۔

جیکی چن نے اپنی ویب سائٹ ’سینا وائبو‘ پر لکھا کہ ان کو اس بات پر ’غصہ آیا اور صدمہ ہوا۔‘

انھوں نے مزید کہا ’ایک باپ ہونے کے ناتے مجھے بہت افسوس ہوا ہے اور یہ خبر سن کر جیسی کی ماں کا دل ٹوٹا ہے۔‘

جیکی چن نے کہا ’مجھے امید ہے کہ آج کے نوجوان اس حادثے سے سبق حاصل کریں گے اور منشیات کے استعمال سے گریز کریں گے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption جیکی چین کے بیٹے جیسی چین کے گھر سے 100 گرام گانجا برآمد ہوا ہے

پولیس نے جمعرات کو جیسی چن اور تائیوان کے 23 سالہ فلم سٹار کائی کو گرفتار کیا تھا۔

بیجنگ پولیس کا کہنا ہے کہ جیسی چن کو حراست میں رکھا گیا ہے کیونکہ انھوں نے مبینہ طور پر دوسرے لوگوں کو منشیات کے استعمال میں مدد کی تھی۔

اگر ان کو مجرم قرار دیا گیا تو انھیں تین سال تک کی قید ہو سکتی ہے۔

اسی بارے میں