بالی وڈ راؤنڈ اپ

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

دھونی کی فلم کو نہ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی فی الحال انگلینڈ کے دورے پر ہیں جہاں اب ان کی کپتانی پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں

اگر ایک جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی پر فلم بنانے کا منصوبہ تنازعے کا شکار ہو گیا ہے تو وہیں آسٹریلوی فاسٹ بولر بریٹ لی ایک رومانٹک کامیڈی میں نظر آنے والے ہیں۔

دراصل بالی وڈ کے معروف فلم ساز نیرج پانڈے نے بڑے زور شور سے فلم بنانے کا اعلان کیا تھا اور مبینہ طور پر اس کے رائٹس بھی اونچی قیمتوں میں فروخت کیے تھے۔

لیکن اب اطلاعات کے مطابق بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے واضح کر دیا ہے کہ دھونی پر اس وقت تک کوئی فلم نہیں بنائی جا سکتی جب تک کہ وہ مکمل طور پر بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ نہ لے لیں۔

اور یہی وجہ ہے کہ دھونی پر مجوزہ فلم التوا میں پڑ گئی ہے۔

باؤنسر کے بعد رمانٹک کامیڈی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption فلم ان انڈین میں بریٹ لی کے ساتھ تنشٹھا چٹرجی رومانس کرتی نظر آئيں گی

بلے بازوں پر باؤنسر برسانے کے بعد اب آسٹریلیا کے سابق گیند باز بریٹ لی پردۂ سیمیں پر رومانس کرنے کے لیے پر تول رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق وہ ایک انڈو-آسٹریلین فلم ’ان انڈين‘ میں نظر آئیں گے۔ یہ فلم رومانٹك کامیڈی ہے۔

فلم میں بریٹ لی کے ساتھ تنشٹھا چٹرجی اہم کردار ادا کریں گی۔

بریٹ لی نے بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا: ’گذشتہ دس برسوں سے مسلسل فلموں کی پیش کش ہو رہی ہے لیکن وہ اس کے لیے موزوں وقت نہیں تھا۔ میں کرکٹ میں مصروف تھا لیکن اب جب یہ موقع ملا ہے تو میں اسے ہاتھ سے کیوں جانے دوں۔‘

37 سالہ بریٹ لی نے سنہ 2012 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اور اس کے بعد سے وہ باقاعدہ طور پر کرکٹ كمنٹري کر رہے ہیں۔

بریٹ لی نے کہا: ’میں ہمیشہ سے کرکٹ کے علاوہ دوسری چیز بھی کرنا چاہتا تھ۔ میں نہیں چاہتا تھا کہ جب میں 50 سال کا ہو جاؤں تو افسوس کروں کہ کاش فلم بھی کر لی ہوتی۔‘

رومانی فلم سے اپنے فلمی کریئر کا آغاز کرنے کے بارے میں بریٹ لی نے کہا: ’میں ذاتی زندگی میں بھی رومانٹك ہوں، تو یہ کردار مجھ پر اچھا لگے گا لیکن میں ایکشن فلمیں بھی کرنا چاہوں گا۔‘

اداکار شائنی آہوجہ کی واپسی

تصویر کے کاپی رائٹ Bhatt Films
Image caption شائنی آہوجہ کی معروف فلموں میں ہزاروں خواہشیں ایسی، بھول بھلیاں، گینگسٹر وغیرہ شامل ہیں

اداکار شائنی آہوجہ کی طویل عرصے بعد بڑے پردے پر واپسی ہونے والی ہے۔ اپنی نوکرانی کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام کی وجہ سے وہ اتنے عرصے تک فلموں سے دور رہے۔

اطلاعات کے مطابق وہ انیس بزمی کی فلم ’ویلکم بیک‘ میں اہم کردار ادا کریں گے۔ فلم میں وہ نصیر الدین شاہ کے بیٹے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

شائني پر سنہ 2009 میں ان کی گھریلو نوکرانی نے عصمت دری کا الزام لگایا تھا جس کے بعد سنہ 2011 میں ایک عدالت نے انھیں سات سال کی سزا سنائی تھی۔

اس کے بعد بامبے ہائی کورٹ نے ایک اپیل پر انھیں ضمانت دی تھی۔ اس الزام کے بعد شائنی کو فلمیں ملنی بند ہو گئیں تھیں۔

اسی بارے میں