دیپکا نے ’جنسی ریکٹ ‘میں شاِمل اداکارہ کی حمایت کی

دیپکا پاڈوکون
Image caption دیپکا پاڈوکون آجکل اپنی نئی فلم’ فائنڈنگ فینی‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں

بالی ووڈ کی اداکارہ دیپکا پاڈوکون نے اس فلمی اداکارہ کی پُر زور حمایت کی ہے جن پر حال ہی میں ایک جنسی ریکٹ میں شامِل ہونے کا الزام تھا۔

فلم ’فائنڈنگ فیني‘ کے پروموشن پر جب کسی صحافی نے دیپکا سے اس اداکارہ کے بارے میں ان کی رائے معلوم کرنی چاہی تو انھوں نے کہا: ’ہر کوئی انھیں الزام دے رہا ہے، کوئی ان لوگوں کی بات کیوں نہیں کرتا جو اس اداکارہ کی خدمات لیتے تھے۔ ان کے بارے میں سب چپ کیوں ہیں؟‘

دیپکا نے کہا: ’اگر اس اداکارہ کے پاس اپنی گزربسر کا کوئی اور راستہ یا ذریعہ نہیں تھا تو پھر انھوں نے کچھ غلط نہیں کیا۔‘

دیپکا کے مطابق: ’اس وقت لوگوں کو اور خاص طور پر فلم انڈسٹری کو اس اداکارہ کی مدد کرنی چاہیے نہ کہ ان پر الزام لگانے چاہییں یا پھر خاموش بیٹھنا چاہیے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ pr
Image caption ساکشی تنور نے ایک ٹی وی سیریل میں اس اداکارہ کی ماں کا کردار ادا کیا تھا

دیپکا کے علاوہ ٹی وی اداکارہ ساکشی تنور نے بھی اداکارہ کی حمایت کی ہے۔

ساکشی تنور نے مشہور ٹی وی سیریل ’ کہانی گھر گھر کی‘ میں اس اداکارہ کی ماں کا کردار ادا کیا تھا، جس میں اس اداکارہ نے ایک چائلڈ سٹار کے طور پر کام کیا تھا۔

اس اداکارہ کو گذشتہ دنوں حیدرآباد کے ایک ہوٹل سے پولیس نے جنسی ریکٹ چلانے کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔

صرف دیپکا ہی نہیں ان کے علاوہ بالی ووڈ کی دیگر مشہور ہستیوں جیسے کرن جوہر، وشال بھاردواج اور ناگیش ککنور جیسے ہدایت کاروں اور پرڈیوسروں نے بھی اس اداکاری کی حمایت کی ہے۔