’ٹرمینیٹر‘ میوزک لانچ کے لیے بھارت میں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption آرنلڈ نے ریاست کی وزیر اعلیٰ جے للتا سے بھی ملاقات کی اور پھر وہ تمل فلموں کے سپر سٹار رجنتی کانت سے ملے

ہالی وڈ کی معروف فلم ’ٹرمینیٹر‘ کے سٹار آرنلڈ شوارزنیگر پیر کو بھارتی ریاست تمل ناڈو پہنچے۔ ریاستی دارالحکومت چینئی میں ان کا شاندار استقبال کیا گيا۔

ان کی آمد پر چینئی ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور وہاں میڈیا کی زبردست ہجوم جمع ہو گیا تھا۔ آرنلڈ شوارٹسنیگر نے صحافیوں سے بات چیت سے تو اجتناب کیا لیکن کیمرے کے سامنے انھوں نے اچھے پوز دیے۔

آرنلڈ ایک تمل فلم ’ آئی‘ کے میوزک لانچ کے لیے بھارت آئے ہیں۔ اس فلم کی موسیقی میوزک معروف موسیقار اے آر رحمان نے ترتیب دی ہے۔

میوزک لانچ کے بعد آرنلڈ نے ٹویٹ کیا: ’آئي کے آڈیو ریلیز کے موقعے پر چینئی میں کیا ہی شاندار تقریب ہوئی۔ بھارت کے زبردست مداحوں کے لیے۔‘

آرنلڈ نے اس موقعے پر ریاست کی وزیر اعلیٰ جے للتا سے بھی ملاقات کی اور پھر وہ تمل فلموں کے سپر سٹار رجنی کانت سے بھی ملے۔

’کرینہ اور میں فلاپ تھے‘

اگلے ماہ کرینہ کپور اور شاہد کپور کی سپر ہٹ فلم ’جب وی میٹ‘ کے سات برس پورے ہو جائیں گے۔

اس فلم کو یاد کرتے ہوئے شاہد کپور نے کہا کہ ’ہمیں امید نہیں تھی کہ جب وی میٹ چلے گی بھی کیونکہ ہم ایک فلاپ جوڑی تھے۔‘

اس فلم سے پہلے ’فدا،‘ ’36 چائنا ٹاؤن‘ اور ’چھپ چھپ کے‘ جیسی شاہد اور کرینہ کی جوڑی والی فلمیں فلاپ رہی تھیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ poster
Image caption اگلے ماہ کرینہ کپور اور شاہد کپور کی سپر ہٹ فلم ’جب وی میٹ‘ کے سات برس پورے ہو جائیں گے

شاہد بتاتے ہیں کہ ’اس وقت لوگ ہمیں فلموں میں ساتھ دیکھنا پسند نہیں کرتے تھے لیکن ہم کوشش کرتے رہے۔ اور جب وی میٹ ہٹ ہوئی تو لوگ کہنے لگے کہ ہمیں شاہد اور کرینہ کو بار بار دیکھنا ہے۔‘

ارمان اور تنیشا کے رشتے میں دراڑ

مشہور ٹی وی شو ’بگ باس‘ کا سابقہ ورژن کس نے جیتا تھا یہ آپ کو یاد ہو یا نہ ہو لیکن ارمان کوہلی اور تنيشا کی جوڑی ضرور یاد ہوگی۔

اس شو میں ان کی نزدیکیاں موضوع بحث رہیں تھیں۔ ارمان اور تنيشا گذشتہ ایک برس سے ایک ساتھ گھومتے پھرتے، تفریح کرتے بھی نظر آتے رہے، لیکن اب اچانک اس رشتے کی ٹوٹنے کی باتیں سامنے آ رہی ہیں۔ ارمان کے ایک دوست نے ممبئی کے ایک اخبار کو بتایا کہ ارمان اور تنيشا کا رشتہ اب ٹوٹ چکا ہے۔

ان دونوں نے یہ فیصلہ باہمی اختلافات کی وجہ سے کیا ہے۔ تنيشا اور ارمان اب اپنے اپنے کریئر پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔ تنيشا ایک پروڈکشن ہاؤس قائم کرنا چاہتی ہیں اور ارمان کو سلمان خان کے ساتھ سورج راجکمار بڑجاتيا کی فلم میں کام مل گیا ہے۔

اسی بارے میں