ریکھا امیتابھ کی نقل اتارتی نظر آئیں گی

Image caption امیتابھ بچن اور ریکھا کے مابین رشتے میں بالی وڈ فلم بینوں کی دلچسپی رہی ہے

ریکھا اور امیتابھ کا شمار بالی وڈ کی معروف ترین جوڑیوں میں ہوتا ہے اور ایک عرصے سے ان دونوں کے ایک بار پھر سے ساتھ آنے کی باتیں کی جاتی رہی ہیں۔

ہر چند یہ نہ ہو سکا لیکن ایک دلچسپ بات سامنے آئي ہے۔

اداکارہ ریکھا کی فلم ’سپر نانی‘ ایک عرصے تک التوا میں رہنے کے بعد اس سال ریلیز کی جا رہی ہے، اور اطلاعات کے مطابق اس فلم کے ایک سین میں ریکھا امیتابھ بچن کی نقل کرتی نظر آئیں گی۔

وہ امیتابھ بچن کی فلم ’اگنی پتھ‘ کے مختلف انداز میں ادا کیے جانے والے مکالمے ’ہائیں‘ کی نقل کریں گی۔

’سپر نانی‘ میں نانی کا کردار ریکھا ادا کر رہی ہیں اور ان کے ناتی کا کردار شرمن جوشی ادا کر رہے ہیں۔ شرمن جوشی فلم میں ریکھا کو ماڈل بنانے کے لیے تیار کرتے ہیں۔

’زندگی کا اہم حصہ ہیں رنبیر

Image caption قطرینہ کیف اور رنبیر کپور کے رشتوں کے بارے میں بھی بالی وڈ فلم شائقین میں دلچسپی پائی جاتی ہے

بالی وڈ کی معروف اداکارہ قطرینہ کیف اور رنبیر کپور اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں زیادہ نہیں بولتے تاہم ایک اخبار کو حال میں دیے جانے والے ایک انٹرویو میں قطرینہ کیف نے اعتراف کیا ہے کہ رنبیر کپور ان کی زندگی کا اہم حصہ ہیں۔

قطرینہ نے کہا: ’میں ابھی شادی نہیں کرنے جا رہی ہوں اور نہ ہی میں نے اس بارے میں ابھی سوچا ہے۔‘

گذشتہ سال قطرینہ اور رنبیر کی چھٹیوں کی تصاویر کے افشا ہو جانے سے وہ بے حد خفا تھیں۔

قطرینہ نے اس بابت کہا: ’مجھے برا لگا تھا، میڈیا کو اس طرح میری پرسنل زندگی میں نہیں جھانکنے کا حق نہیں ہے۔‘

سلمان نے اب سنیل کے بیٹے کا ہاتھ تھاما

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سلمان خان کی حالیہ فلم کک نے اس سال اب تک سب سے زیادہ بزنس کیا ہے

ایسا دکھائی دیتا ہے کہ بالی وڈ سے تعلق رکھنے والے تمام بچوں کو سلمان خان نے باری باری چانس دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پہلے انھوں نے اداکار آدتیہ پنچولي کے بیٹے سورج پنچولی، پھر قطرینہ کیف کی بہن ایزابیلا اور ساتھی اداکار سنیل شیٹی کی بیٹی اتھيا کو مواقع فراہم کیے اور اب انھوں نے سنیل کے بیٹے کو بھی لانچ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

سنیل کے بیٹے اہان نے امریکہ سے فلم کی تعلیم حاصل کی ہے۔ وہ ابھی 19 سال کے ہیں اور سنیل چاہتے ہیں کہ اہان ابھی ایکٹنگ، فاٹنگ اور ہدایت کے شعبے میں فلم کورس مکمل کریں۔ لیکن وہ فلم میں آنا چاہتے ہیں اور انھیں سلمان خان کے ساتھ کئی پارٹیوں میں دیکھا گیا ہے۔

اسی بارے میں