لتا منگیشکر کا انگریزی گیت

Image caption لتا منگیشکر کو ان کے مداحوں نے انگریزی زبان میں گاناگاتے شاید ہی کبھی سنا ہو

بھارتی فلموں میں اپنی بہترین آواز کے لیے معروف گلوکارہ لتا منگیشکر اردو اور ہندی سمیت بر صغیر کی مختلف زبانوں میں نغمے گاتی رہی ہیں اور دنیا بھر کے شائقین محظوظ ہوتے رہے ہیں۔

لیکن لتا منگیشکر کو ان کے مداحوں نے انگریزی زبان میں گاناگاتے شاید ہی کبھی سنا ہو۔

تاہم ان کے مداحوں کی یہ خواہش اب جلد ہی پوری ہو سکتی ہے اور شائقین انگریزی زبان میں گائے ہوئے ان کے ایک گیت سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ حالانکہ ان کا یہ نغمہ نیا نہیں ہے۔

تقریباً تیس برس قبل انھوں نے کینیڈا میں اپنی ایک دوست کی فرمائش پر انگریزی میں ایک گیت گایا تھا جو انھیں کسی طرح دستیاب ہوا اور وہ انھوں نے اپنے مداحوں کے لیے پیش کیا ہے۔

لتا منگیشکر نے سنہ 1985 میں ایک کنسرٹ کے دوران انگریزی نغمہ ’یو نيڈیڈ می‘ (You Needed Me) گایا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption لتا منگیشکر کو سُروں کی ملکہ کہا جاتا ہے انھوں نے بر صغیر کی 30 مختلف زبانوں میں گیت گائے ہیں

اسی گیت کا لنک لتا نے اپنے فیس بک کے صفحے پر مداحوں کے لیے ڈالا ہے۔

انہوں نے لکھا ہے ’ہیلو، کچھ دنوں پہلے مجھے میرے 1985میں ٹورنٹو میں ہوئے ایک کنسرٹ کی ریکارڈنگ بھیجی گئی۔ اس میں مشہور کینیڈین گلوکارہ اینی مرے کی درخواست پر میں نے یہ گانا گایا تھا۔ یہ گانا میں آپ کو سنانا چاہتی ہوں۔ امید ہے کہ آپ کو پسند آئے گا۔‘

لتا منگیشکر کو سُروں کی ملکہ کہا جاتا ہے وہ مراٹھی ہیں لیکن انھوں نے بر صغیر کی 30 مختلف زبانوں میں گیت گائے ہیں۔

فلموں میں گائے گئے ان کے گیت کسی تعارف کے محتاج نہیں اور ان کے بہت سے گیت خاص و عام کی زبان پر رہتے ہیں۔ انھوں نے ہزاروں گيت گائے ہیں اور اس کے لیے انہیں بہت سے اعزازات سے نوازا گیا ہے۔

ان کی چھوٹی بہن آشا بھونسلے بھی فلم نگری کی زبردست گلوکارہ ہیں اور ان کی آواز بھی ایسی ہے کہ سینکڑوں نغمے شاید رہتی دنیا تک یاد رکھیں جائیں گے۔

اسی بارے میں