کشمیر کی تعمیر کے لیے بالی وڈ کی کوشش

Image caption عامر خان اپنے سماجی رویے کی وجہ سے جانے جاتے ہیں اور حساس موضوعات پر جذباتی ہو جاتے ہیں

کشمیر میں آنے والے حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے عامر خان اور امیتابھ بچن جیسے معروف بالی وڈ اداکار سامنے آئے ہیں۔

’ہم ہیں امیِد کشمیر‘ نام کی اس تقریب میں آسام کے سیلاب اور وشاکھاپٹنم میں ہدہد طوفان سے متاثرین کے لیے بھی امداد کی بات کی گئی۔

اس فنڈ اکٹھا کرنے والی تقریب میں عامر خان کے علاوہ اداکار فرحان اختر اور اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے بھی شرکت کی۔

تقریب سنیچر کی شب کو منعقد ہوئی اور معروف اداکاروں نے متاثرین کی امداد اور آفت زدہ علاقوں کی تعمیرکے لیے بھرپور تعاون کی اپیل کی۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس سے قبل امیتابھ بچن نے کہا تھا: ’جب بھی ہم کشمیر کی بات کرتے ہیں، آسام کی بات کرتے ہیں تو میں سوچتا ہوں کہ کہیں ہمارے دیش کو چوٹ پہنچی ہے اور میں جو بھی کر سکتا ہوں کروں گا۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ SONY TV
Image caption امیتابھ بچن نے حال میں کشمیر اور آسام کے متاثرین کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کیا تھا

عامر خان اپنے سماجی رویے کی وجہ سے جانے جاتے ہیں اور ان کا ٹی پروگرام ’ستیہ میو جیتے‘ اس کی ایک مثال ہے۔

اس تقریب کا انعقاد انٹرٹینمنٹ مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے زی انٹرٹینمنٹ اور فلم اور ٹیلی ویژن کی انجمن کے ساتھ مشترکہ طور پر کیا۔

تقریب میں نئی اداکارہ آدیتی راؤ حیدری، پرینیتی چوپڑا، سوشانت اور نیہا دھوپیہ نے اپنی اپنی پرفارمنسز دیں۔

اس کے علاوہ شان، دلیر مہندی، آدیتی سنگھ شرما وغیرہ نے اپنی آواز اور انداز کا جادو جگایا۔

Image caption کشمیر کے حالیہ سیلاب میں زبردست جانی مالی نقصان ہوا ہے

اس موقع پر سینیئر اداکار انوپم کھیر، وویک اوبرائے اور ہدایت کار ودھو ونود چوپڑا وغیرہ بھی موجود تھے۔

یہ شو آنے والے دنوں میں زی کے مختلف چینلوں پر دکھایا جائے گا۔

اس شو کا دہلی کے علاوہ بھارت کے کئی شہروں ممبئی، حیدرآباد، چینئی، بنگلور، جے پور اور کولکتہ میں بھی انعقاد کیا گيا۔

اسی بارے میں