گوہر سے علیحدگی کے بعد کشال کی وضاحتیں

تصویر کے کاپی رائٹ Colors
Image caption گوہر اور کشال نے بگ باس 7 کے دوران ہی اپنی محبت کا اعلان کیا تھا اور پھر بعد میں بھی دوستی کا دم بھرتے رہے تھے

بھارت کے ٹی وی ریئلیٹی شو ’بگ باس7‘ کی فاتح گوہر خان سے علیحدگی کے اعلان کے بعد اب ان کے سابق دوست كشال ٹنڈن نے گوہر خان کا کھل کر دفاع کیا ہے۔

دراصل بھارتی میڈیا میں یہ خبریں شائع ہوئی تھیں کہ گوہر كشال پر مذہب تبدیل کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہی تھیں اور ان کی علیحدگی کے اسباب میں سے یہ ایک ہے۔

اسی کے جواب میں كشال نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل KushalT2803@ پر لکھا: ’کئی بار غصے میں آپ اپنا کنٹرول کھو بیٹھتے ہیں۔ ایک دفعہ ایسے ہی ایک چھوٹے سے جھگڑے کے بعد میں نے اپنے ایک صحافی دوست سے اپنی عزیز دوست گوہر خان کے بارے میں کچھ باتیں کہہ دیں۔‘

كشال نے لکھا: ’ان باتوں میں ذرا بھی سچائی نہیں تھی کیونکہ وہ ساری باتیں کہتے وقت میں بے حد غصے میں تھا۔ جھگڑے ہر جوڑے میں ہوتے ہیں۔ ہم دونوں میں سے کوئی بھی اپنے خیالات دوسرے پر تھوپنے کی کوشش نہیں کر رہا تھا۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption گوہر خان بگ باس کی فتح کے بعد اپنے اہل خانہ کے ساتھ

واضح رہے کہ ان دنوں بھارت میں بین المذاہب شادیوں پر خاصی بحث جاری ہے اور بعض ہندو قدامت پسند جماعتیں باضابطہ ’لو جہاد‘ جیسی چیز کی موجودگی کا دعویٰ کررہی ہیں۔

میڈیا میں گوہر کے کچھ دوستوں کے حوالے سے یہ بھی لکھا گیا کہ كشال کی شراب اور سگریٹ نوشی کی عادتوں سے گوہر خاصی پریشان ہو چکی تھیں۔

لیکن گوہر خان نے GAUAHAR_KHAN@ پر ٹویٹ کیا: ’كشال کی عادات کے بارے میں میڈیا میں جو بھی دعوے کیے جا رہے ہیں وہ بالکل غلط ہیں۔‘

یاد رہے کہ ان دونوں نے بگ باس کے دوران ہی اپنی محبت کا اعلان کیا تھا اور پھر بعد میں بھی دوستی کا دم بھرتے رہے تھے۔

17 اکتوبر کو كشال نے ٹویٹ کیا تھا: ’مجھے یہ خبر بریک کرتے ہوئے بے حد افسوس ہو رہا ہے کہ اب میں اور گوہر ساتھ ساتھ نہیں ہیں۔‘

اسی بارے میں