بیٹی کے بولڈ کردار پر اعتراض نہیں: گووندا

تصویر کے کاپی رائٹ Hoture
Image caption گووندا اپنے بچوں کی کریئر کے متعلق بہت پرجوش نظر آتے ہیں

معروف اداکار گووندا ان دنوں بے حد خوش ہیں کیونکہ ان کی یکے بعد دیگرے دو فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں۔

پہلی فلم ’كِل دل‘ اور دوسری ’ہیپی اینڈنگ‘ ہے۔ لیکن ان کی خوشی کی اور بھی وجوہات ہیں اور وہ ان کے بچے ہیں۔

گووندا کے بیٹے یش وردھن اداکاری سیکھ رہے ہیں اور بیٹی نرمدا نے تو پہلی فلم کی شوٹنگ بھی شروع کر دی ہے۔

گووندا سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ اپنی بیٹی نرمدا کے متعلق بہت پوزیسیو ہیں تو اس بات پر ان کا کہنا تھا: ’میں پوزیسیو نہیں ہوں، کیونکہ لڑکیاں بہت ذہین ہوتی ہیں۔ اس لیے پوزیسیو ہو کر ان کی تخلیقی صلاحیتوں پر روک نہیں لگانی چاہیے۔‘

انھوں نے کہا: ’باپ کے طور پر میں اپنی بیٹی پر کوئی پابندی نہیں لگانا چاہتا۔ اگر وہ بولڈ کردار میں بھی آئیں گی تو بھی مجھے کوئی اعتراض نہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Yashraj
Image caption فلم ’کل دل‘ میں گوندا نے ولن کا کردار ادا کیا ہے

اس سے قبل بی بی سی سے بات کرتے ہوئے گووندا نے اپنی بیٹی نرمدا کے بارے میں کہا تھا: ’انھوں نے پنجابی آرٹسٹ گپّی گریوال کےساتھ فلم سائن کی ہے۔ کسی بھی فلم کو منتخب کرنے میں انھوں نے کافی وقت لیا ہے۔ نئی نسل ہے ہر کام سوچ سمجھ کر کرتی ہے۔‘

واضح رہے کہ اس سے قبل اداکارہ عالیہ بھٹ نے اپنے والد فلم ساز مہیش بھٹ کے بارے میں ایسی ہی بات کہی تھی کہ ان کے والد کو پردۂ سیمیں پر ان کے بولڈ مناظر پر اعتراض نہیں ہوگا۔

مستقبل قریب میں ریلیز ہونے والی فلم ’کل دل‘ میں گوندا نے ولن کا کردار ادا کیا ہے۔

اسی بارے میں