بالی وڈ راؤنڈ اپ

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

رتیک کے پاس طلاق لینے کے لیے بھی وقت نہیں

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption رتیک اور سوزین نے اس سال کے اوائل میں علیحدگی کا اعلان کیا تھا

بالی ووڈ اداکار رتیک روشن اپنی اہلیہ سوزین سے علیحدہ ہو چکے ہیں تاہم دونوں کے درمیان ابھی تک قانونی طور پر طلاق نہیں ہوا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس کی وجہ رتیک کی عدم فرصتی ہے۔

ممبئی کے معروف اخبار مڈ ڈے میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق طلاق کی سماعت کورٹ میں 31 اکتوبر کو ہونی تھی۔

لیکن ریتک کے وکیل نے درخواست دی ہے کہ کوئی دوسری تاریخ دی جائے کیونکہ رتیک مصروف ہیں۔

رتیک کے قریبی ذرائع کے مطابق طلاق کے بعد سوزین کو دی جانے والی رقم کے متعلق دونوں کے درمیان اختلافات ہیں جسے وہ عدالت سے باہر حل کرنے کے خواہشمند ہیں۔

خبروں کے مطابق سوزین نے رتیک روشن سے طلاق کے عوض چار سو کروڑ روپے مانگے ہیں۔

حال میں ریلیز ہونے والی رتیک کی فلم ’بینگ بنگ‘ نے اچھا بزنس کیا ہے۔

امیتابھ مودی کی ’کلین انڈیا مہم میں

تصویر کے کاپی رائٹ AMITABH BACHCHAN TWITTER PAGE
Image caption امیتابھ بچن نے فلموں میں ہر طرح کے کردار نبھائے ہیں لیکن اب وہ سماجی موضوعات میں بھی دلچسپی لینے لگے ہیں

بالی وڈ سٹار امیتابھ بچن نے وزیر اعظم نریندر مودی کی ’سووچھ بھارت‘ یا ’کلین انڈیا‘ یا ’صاف ستھرا بھارت‘ مہم سے جڑنے کا اعلان کرتے ہوئے ممبئی کی سڑکوں پر جھاڑو لگایا۔

انھوں نے فیس بک اور ٹوئٹر پر اس بات کا اعلان کیا اور اس کے متعلق تصاویر بھی شیئر کیں۔

انھوں نے ٹوئٹر پر لکھا: ’صاف ستھرا بھارت مہم سے سب کو جڑنا چاہیے۔‘

تصاویر میں ٹریک سوٹ پہنے امیتابھ ممبئی کے جوہو علاقے میں جھاڑو لگاتے نظر آ رہے ہیں۔

امیتابھ سے پہلے سچن تنڈولکر، سلمان خان اور عامر خان جیسی شخصیتیں اس مہم سے جڑنے کا اعلان کر چکی ہیں۔

امیتابھ نے حال ہی میں اپنے ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی -8‘ کے آخری قسطوں کی شوٹنگ کی جس سے قبل انھوں نے کلین انڈیا مہم سے جڑنے کی بات بھی کی ہے۔

گووندا نے میڈیا کو ناراض کیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption گوندا اپنے زمانے کے معروف ہیرو میں شمار ہوتے رہے ہیں لیکن اس فلم میں وہ ولن کا کردار ادا کر رہے ہیں

فلمی پروگراموں میں انتہائی تاخیر سے آنے کے لیے مشہور گووندا کی عادت اب بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

گووندا ان دنوں اپنے کریئر کے عروج پر نہیں ہیں تاہم ان کی دیر سے آنے کی عادت بدستور جاری ہے۔

فلم ’ہیپی اینڈنگ‘ کے ہر پرموشنل پروگرام میں گووندا انتہائی تاخیر سے آنے والوں میں شامل رہے۔

گذشتہ دنوں اس فلم کے میوزک لانچ میں میڈیا کو سات بجے بلایا گیا جس میں فلم میں اہم کردار نبھانے والے سیف علی خان، اليانا ڈی کروز اور دوسرے ستارے وقت پر پہنچے لیکن گووندا کہیں نظر نہیں آئے۔

وہ پروگرام میں رات 11 بجے پہنچے یعنی پورے چار گھنٹے کی تاخیر سے۔

یہی نہیں پروگرام کے لیے تمام سٹارز کو میڈیا کے سامنے پرفارم بھی کرنا تھا جس کے لیے شام ساڑھے چار بجے سے ریہرسل تھی۔ اس میں بھی گووندا کا دور دور تک پتہ نہیں تھا۔

صحافیوں کے مطابق گووندا اگر آئندہ بھی اپنے اس تاخیر کے سلسلے کو جاری رکھتے ہیں تو میڈیا ان کا بائیکاٹ کرے گی۔

اسی بارے میں