بالی وڈ کے ویلن سداشیو امراپورکر انتقال کر گئے

تصویر کے کاپی رائٹ PR
Image caption سداشیوامراپورکر نے فلم ’اردھ ستيہ‘ میں راما شیٹی کا جو کردار ادا کیا جس نے ہندی فلموں میں منفی کردار کو ایک نئی جہت سے روشناس کرایا

بالی وڈ فلموں کے معروف ویلن سداشیو امراپوركر کا ممبئی میں انتقال ہو گیا ہے۔

64 سالہ امراپوركر گذشتہ آٹھ دنوں سے ممبئی کے کوکلیلا بین دھیروبھائی امبانی ہسپتال میں داخل تھے۔

ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ وہ پھیپھڑوں کے انفیکشن سے دوچار تھے۔

ان کی بیٹی ریما امراپوركر نے بی بی سی کو بتایا کہ امراپوركر نے بھارت کے معیاری وقت کے مطابق پیر کی صبح دو بجکر 45 منٹ پر آخری سانس لی۔

امراپوركر نے تقریباً ڈھائی سو فلموں میں کام کیا جن میں ’اردھ ستيہ،‘ ’آخری راستہ،‘ ’سڑک،‘ ’حکومت،‘ ’آنکھیں‘ اور ’عشق‘ بے حد مقبول رہیں۔

سنہ 1984 میں آنے والی فلم ’ادھ ستیہ‘ یعنی نصف سچ کے لیے انھیں سپورٹنگ ایکٹر کے زمرے میں فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ سنہ 1991 میں آنے والی فلم ’سڑک‘ کے لیے انھیں بہترین ویلن کے انعام کا حقدار قرار دیا گیا تھا۔

سنہ 2013 میں آنے والی فلم ’بمبئی ٹاکیز‘ بطور اداکار سداشیو امراپوركر کی آخری فلم ثابت ہوئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Viacom
Image caption سداشیو امراپورکر نے تقریباً ڈھائی سو فلموں میں اداکاری کی اور بامبے ٹاکیز ان کی آخری فلم ثابت ہوئی

فلم ’آخری راستہ‘ میں وہ امیتابھ بچن کے مقابل تھے تو فلم ’عشق‘ میں عامر خان اور اجے دیوگن کا جینا دوبھر کر رہے تھے۔

فلم کے ہدایت کار دیباكر بینرجی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان سے وابستہ یادوں کا تبادلہ کیا۔

دیباكر نے کہا: ’یہ خبر سن کر میں ہل گیا ہوں۔ جیسے اچھا کھانا کھا کر اس کا ذائقہ منہ کو لگ جاتا ہے ویسے ہی ان جیسے بہترین اداکار کے ساتھ تھوڑا کام کر کے میں ان کے ساتھ کچھ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ اس دوران ان کی صحت اچھی نہیں تھی لیکن اتنی خراب بھی نہیں تھی۔‘

فلم ’ادھ ستيہ‘ میں انھوں نے راما شیٹی کا جو کردار ادا کیا اس نے ہندی فلموں میں منفی کردار کو ایک نئی جہت سے روشناس کرایا۔

دیباكر نے کہا: ’وہ ہندی ہی نہیں بلکہ مراٹھی فلموں کے بھی زبردست اداکار تھے۔ گذشتہ چند سالوں سے وہ فلموں میں سرگرم نہیں تھے کیونکہ انھیں ان کی پسند کے مطابق رول نہیں مل رہے تھے۔ انھوں نے مجھ سے خود کہا تھا کہ میں بے وجہ کے کردار کیوں کروں، میں تھیٹر کر کے ہی خوش ہوں۔‘

اسی بارے میں