ہیپی نیو ایئر انتہائی بے تکی فلم ہے: جیا بچن

تصویر کے کاپی رائٹ Screen
Image caption جیا بچن نے ممبئی میں منعقدہ ایک ادبی تقریب میں سینیما اور ادب کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا

اپنے زمانے کی معروف اداکارہ جیا بھادری جو امیتابھ بچن سے شادی کے بعد جیا بچن ہو گئی ہیں، انھوں نے شاہ رخ خان اور ابھیشیک بچن کی حالیہ فلم کی سخت تنقید کی ہے۔

شاہ رخ خان، دیپکا پاڈوکون اور ابھیشیک بچن کی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ کی کامیابی پر جہاں امیتابھ بچن خوش ہیں اور اس کے بارے میں سوشل میڈیا بڑھ چڑھ کر باتیں کر رہے ہیں، ایسے میں ان کی اہلیہ کی جانب سے فلم کے بارے میں بیان چونکانے والا ہے۔

جنوبی ہند کے معروف اخبار ’دا دکن کرانکل‘ کے مطابق جیا بچن نے یہ باتیں حال ہی میں ممبئی میں ہونے والی ایک ادبی کانفرنس کے دوران کہیں۔

انھوں نے کہا: ’میں نے گذشتہ چند سالوں میں ہیپی نیو ایئر جیسی بے تکی فلم نہیں دیکھی۔ میں نے تو یہ بات فلم کے اہم اداکاروں کو بھی بتائی ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’میں نے یہ فلم اس لیے دیکھی کیونکہ ابھیشیک بھی اس میں تھے۔ میں نے اس سے کہا کہ تم سچ مچ عظیم فنکار ہو کیونکہ کیمرے کے سامنے اس قدر احمقانہ حرکتیں کرنا بھی ایک جرات کی بات ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ RED CHILLIES
Image caption فرح خان کی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ میں شاہ رخ خان کے علاوہ دیپکا پاڈوکون اور ابھیشیک بھی ہیں

ادب اور سینیما کے تعلقات پر مبنی ایک بحث میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا: ’آج سنیما صرف کاروبار ہو کر رہ گیا ہے، آرٹ نہیں ہے۔ آج کی فلموں میں جو دکھایا جاتا ہے، میں ویسا کر ہی نہیں سکتی۔ اس لیے میں فلمیں نہیں کرتی۔‘

دوسری جانب امیتابھ بچن نے ٹوئٹر پر لکھا: ’واہ، ہیپی نیو ایئر نے دنیا بھر میں 300 کروڑ کی کمائی کر لی ہے۔ شاہ رخ اور فرح کو مبارکباد۔۔۔ تو فرح خان ہم ایک ساتھ کب کام کر رہے ہیں؟۔۔۔ہا ہا۔‘

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی جیا بچن نے اخباروں کو اس بات پر آڑے ہاتھوں لیا تھا کہ وہ ایشوریہ رائے کو ’ایش‘ کیوں لکھتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ’آج اچھی فلموں کو آرٹ ہاؤس سینیما کہا جاتا ہے۔ اس کا کیا مطلب ہے؟‘

ان کے نزدیک تمام سینیما آرٹ ہے اور اس میں فن کا مظاہرہ ہوتا ہے پھر ایسی تخصیص کیوں؟

اسی بارے میں