بیٹے کے لیے فلم کرتا ہوں: اکشے کمار

تصویر کے کاپی رائٹ hoture
Image caption اکشے کمار اپنے سٹنٹس کے لیے جانے جاتے ہیں

بالی وڈ کے اداکار اکشے کمار اپنے سٹنٹس سے مسلسل شائقین کو حیران کرتے آئے ہیں۔

دوسرے بڑے اداکاروں کے مقابلے وہ سال میں کئی فلمیں کرتے ہیں، لیکن ان کا کہنا ہے کہ وہ ایسی فلمیں نہیں کرنا چاہتے جو 100 یا 200 کروڑ روپے کی کمائی کریں۔

اکشے کہتے ہیں کہ وہ پیسوں کے لیے نہیں بلکہ صرف اپنے بیٹے کے لیے فلمیں کرنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا: ’میں اچھی فلمیں کرنا چاہتا ہوں۔ میرا بیٹا میرے پاس آ کر کہتا ہے کہ اسے فلم سمجھ نہیں آئی، اسے فلم بیکار لگی تو مجھے اچھا نہیں لگتا۔ میں ایسی فلمیں کرنا چاہتا ہوں جو اسے پسند بھی آئیں اور سمجھ بھی۔‘

اکشے کی اس سال فلم ’ہالی ڈے‘ اور ’اِٹس انٹرٹینمنٹ‘ کے بعد گذشتہ ہفتے ’شوقین‘ ریلیز ہوئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ hoture
Image caption اکشے کمار ایک سال میں عام طور پر دو سے زیادہ فلمیں کرتے ہیں

اکشے کا خیال ہے کہ بالی وڈ میں کسی بھی کام کے لیے وقت کا پابند ہونا بہت ضروری ہے۔

اکشے نے کہا: ’آپ جلدی سیٹ پر پہنچیں گے تو آپ کے تمام ساتھی بھی جلدی پہنچیں گے۔ تمام کام وقت سے ہو تو آپ ایک سال میں کئی فلمیں کر سکتے ہیں۔‘

ان کے مطابق: ’مجھے پتہ ہے کہ تمام لوگوں کے دماغ میں یہ بات آتی ہوگی کہ اس ایکٹر کی ایک فلم ختم نہیں ہوتی کہ دوسری آ جاتی ہے۔ جی ہاں، میں جب سے فلم انڈسٹری میں آیا ہوں میں نے ہمیشہ ایک سال میں تین یا چار فلمیں کی ہیں اور اس میں مجھے کوئی دقت بھی پیش نہیں آتی۔‘

چھٹیوں کے معاملے میں اکشے کمار سب سے زیادہ چھٹیاں لیتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ hoture images
Image caption اکشے کا کہنا ہے کہ وہ ایسی فلمیں کرنا چاہتے ہیں جو ان کے بیٹے کو اچھی لگیں اور سمجھ میں آئیں

اکشے کہتے ہیں: ’میں بالی وڈ کے اداکاروں میں سے سب سے زیادہ چھٹیاں لیتا ہوں۔ تین ماہ کے وقفے میں نو دن کی چھٹی اور پورے سال میں ڈیڑھ ماہ کی چھٹی لیتا ہوں۔‘

ان کی اگلی فلم نیرج پانڈے کی ’بے بی‘ ہے جو صرف 45 دن میں بن کر تیار ہوئی ہے اور جنوری میں ریلیز ہونے والی ہے۔

اکشے کمار کے مطابق یہ فلم 45 دنوں میں بنی کیونکہ وہ ’لیٹ لطیف‘ یعنی سست نہیں ہیں۔ ان کا اشارہ کس اداکار کی جانب تھا یہ واضح نہیں۔

اسی بارے میں