عامر سرکٹ کا کردار نہیں نبھا سکتے: ارشد وارثی

تصویر کے کاپی رائٹ spice
Image caption عامر خان نے ہیرانی کے ساتھ ایک پروگرام میں کہا تھا کہ وہ سرکٹ کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں

بالی وڈ میں ’مسٹر پرفکشنسٹ‘ کے نام سے معرف عامر خان نے اپنی ایک خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ سنجے دت کی سپر ہٹ فلم منا بھائی سیریز میں ’سرکٹ‘ کا کردار نبھانا چاہتے ہیں۔

تاہم منا بھائی فلم کی سیریز میں ’سرکٹ‘ کا رول ادا کرنے والے ارشد وارثی کا خیال ہے کہ عامر یہ کردار نہیں کر پائیں گے۔

بالی وڈ ہنگامہ سے بات کرتے ہوئے ارشد وارثی نے اپنے مخصوص انداز میں کہا: ’مجھے لگتا ہے کہ عامر نے ضرور مذاق کیا ہو گا۔ سرکٹ کا کردار ادا کرنے کے لیے وہ بہت بڑے سٹار ہیں۔ عامر جیسے سپر سٹار کے لیے وہ رول ہے ہی نہیں۔‘

ودھو ونود چوپڑا نے منا بھائی سیریز کی تیسری فلم کی ہدایت کے لیے ارشد وارثی کی فلم ’جولی ایل ایل بی‘ کے ہدایت کار سبھاش کپور کو لینے کا اعلان کیا تھا۔

لیکن سنجے دت کے جیل میں ہونے جانے کی وجہ سے فی الحال فلم رکی ہوئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ film pr
Image caption ارشد وارثی کے سرکٹ کے رول کو بےانتہا مقبولیت ملی اس کے بعد انھوں نے عشقیہ اور ڈیڑھ عشقیہ میں بھی اسی طرح کا کردار نبھایا

ارشد وارثی نے بتایا کہ سنجے دت کے جیل سے باہر آنے کے بعد فلم پر از سر نو کام شروع کیا جائے گا۔

سنہ 2003 میں ریلیز ہونے والی ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ اور 2006 میں آنے والی ’لگے رہو منا بھائی‘ میں ارشد وارثی نے سرکٹ کا رول نبھایا تھا جو بے حد مقبول ہوا اور اس کی وجہ سے ان کی خاص شناخت بھی بنی۔

دونوں فلموں کی ہدایت راجکمار ہرانی نے دی تھیں۔

اسی بارے میں