قطرینہ کیف کو سلمان کا دعوت نامہ

Image caption قطرینہ کیف پہلے مبینہ طور پر سلمان خان کی گرل فرینڈ ہوا کرتی تھیں اور ارپتا کے بہت قریب تھیں

بالی وڈ کی معروف اداکارہ قطرینہ کیف کو سلمان خان نے اپنی بہن ارپتا کی شادی میں مدعو کیا ہے۔

لوگوں کا خیال تھا کہ رنبیر بھی مدعو ہوں گے لیکن وہ شاید سلمان خان کی فہرست میں شامل نہیں کیونکہ اطلاعات کے مطابق انھیں مدعو نہیں کیا گیا۔

بھارتی اخبار ممبئی مرر میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق قطرینہ کو نہ صرف شادی کے لیے مدعو کیا گیا ہے بلکہ دلہن ارپتا کو سجانے کی ذمہ داری بھی انھیں ہی سونپی گئی ہے۔

قطرینہ کیف کی پہلے سلمان خان سے بہت دوستی ہوا کرتی تھیں اور ارپتا کے بہت قریب تھیں لیکن اب وہ رنبیر کپور کے انتہائی نزدیک ہیں اور یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ دونوں جلد ہی ایک مکان میں شفٹ ہونے والے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اطلاعات کے مطابق سلمان نے پرینکا چوپڑا کو بذات خود دعوت دی ہے

بہن کی شادی پر سلمان خان اپنے بچھڑے دوستوں کو منانے کی جستجو میں تو نہیں ہیں؟

انھوں نے شاہ رخ خان کو بھی شادی کے لیے دعوت نامہ روانہ کیا اور شاہ رخ خان ایک قدم آگے بڑھ کر ارپتا کی مہندی اور سنگیت کی تقریب میں سلمان کے گھر پہنچ گئے۔

دوسری جانب یہ بات ذہن نشین رہنی چاہیے کہ رنبیر کپور ایک وقت سلمان خان کے قریبی دوستوں میں تھے اور سلمان نے ایک دفعہ انھیں ایک قیمتی گھڑی بھی تحفے میں دی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ ARPITA KHAN INSTAGRAM
Image caption شاہ رخ خان تو سنگیت کی رسم میں بھی شریک رہے

لیکن اب یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سلمان کے دوستوں کی فہرست میں ان کا نام شامل نہیں ہے یا بات کچھ اور ہے۔ ابھی یہ بات بھی واضح نہیں کہ آیا قطرینہ بھی اس شادی میں شرکت کرتی ہیں یا نہیں۔

اطلاعات کے مطابق مہمانوں کی فہرست میں وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس کی صدر سونیا گاندھی، امیتابھ بچن، عامر خان، شاہ رخ خان، پرینکا چوپڑا وغیرہ اہم نام ہیں۔

شادی حیدرآباد کے فلک نما میں آج 18 نومبر ہو رہی ہے۔

اسی بارے میں