امریکی اداکارہ کم کارڈیشیئن کا دورۂ بھارت منسوخ

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption 34 سالہ کارڈیشیئن نے 22 نومبر کو کلرز چینل پر نشر ہونے والے بھارتی ریئلٹی شو ’بگ باس‘ میں شرکت کرنا تھی

اطلاعات کے مطابق امریکہ کی ریئلٹی ٹی وی اداکارہ کم کارڈیشیئن کا بھارت کا دورہ منسوخ ہو گیا ہے۔

ان کے دورے کا انتظام کرنے والی والی کمپنی نے بی بی سی سے اس بات کی تصدیق کر دی ہے، تاہم اس نے منسوخی کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔

34 سالہ کارڈیشیئن نے 22 نومبر کو کلرز چینل پر نشر ہونے والے بھارتی ریئلٹی شو ’بگ باس‘ میں شرکت کرنا تھی۔

اس سے پہلے کلرز چینل کے ترجمان نے پیر کو ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ کم کارڈیشیئن ’بگ باس‘ میں نظر آئیں گی۔

بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ کم کارڈیشیئن سنیچر کو ساڑی پہن کر ریئلٹی شو’بگ باس‘ ہاؤس میں جائیں گی اور پروگرام کے بقیہ 12 افراد کےساتھ کچھ وقت گزاریں گی۔

بالی وڈ سپر سٹار سلمان خان کی میزبانی میں پیش کیے جانے والے اس شو میں رواں سال کئی ماڈل اور اداکار شریک ہیں۔

گذشتہ ہفتہ ایک امریکی میگزین میں 34 سالہ کم کارڈیشیئن کی برہنہ تصویر نے ہلچل مچا دی تھی۔

اس سے پہلے امریکی ٹی وی سٹار پامیلا اینڈرسن بھی سنہ 2010 میں بگ باس کے چوتھے ایڈیشن میں شرکت کر چکی ہیں۔

اسی بارے میں