’کاسابلانکا‘ کا پیانو 29 لاکھ ڈالر میں نیلام

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption آسکر ایوارڈ جیتنے والی ہالی وڈ کی فلم میں یہ پیانو کئی اہم مناظر کا حصہ رہا

سنہ 1940 کی دہائی کی مشہور امریکی فلم ’کاسابلانکا‘ میں استعمال کیا جانے والا ایک پیانو نیویارک میں 29 لاکھ ڈالر میں نیلام ہوا ہے۔

یہ پیانو اس فلم سے وابستہ ان 30 اشیا میں شامل تھا جنھیں مین ہٹن میں نیلام گھر بانمز میں ہونے والی نیلامی میں فروخت کیا گیا۔

فلم میں پیانو نواز ڈولی ولسن نے یہ پیانو بجاتے ہوئے اداکار ہمفرے بوگارٹ اور انگرڈ برگمین کے لیے ’ایز ٹائم گوز بائی‘ نامی گیت گایا تھا۔

نیلام کیا جانے والا پیانو فلم میں استعمال کیے جانے والے دو پیانو میں سے ایک تھا اور اس کے مالک لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر گیری میلان تھے۔

مراکش کے ساحلی شہر کاسابلانکا پر بنائی جانے والی اس فلم نے تین آسکر ایوارڈ جیتے تھے اور فلم میں یہ پیانو کئی اہم مناظر کا حصہ رہا تھا۔

فلم کے ایک مشہور منظر میں ہمفرے بوگارٹ غیرقانونی دستاویزات چھپانے کے لیے بھی اسی پیانو کا استعمال کرتے ہیں۔

یہ دستاویزات بھی اسی نیلامی میں ایک لاکھ ڈالر سے زیادہ رقم میں نیلام ہوئی ہیں۔

امریکی فلم انسٹیٹیوٹ نے ’کاسابلانکا‘ کو تاریخ کی دوسری بہترین امریکی فلم قرار دیا ہے۔ اس فہرست میں پہلا مقام ’سٹیزن کین‘ کو حاصل ہے۔