گوہر خان کو طمانچہ مارنے والے شخص پر مقدمہ

Image caption گوہر خان گذشتہ برس بگ باس پروگرام کی فاتح رہی تھیں

ممبئی میں پولیس نے فلم اور ٹی وی کی اداکارہ گوہر خان کو ایک پروگرام کے دوران تھپڑ مارنے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

یہ واقعہ اتوار کو ممبئی کے فلم سٹی سٹوڈیوز میں ایک ریئلیٹی شو ’انڈیاز را سٹار‘ کی آخری قسط کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا۔

پولیس نے ملزم اقبال کے خلاف چھیڑ چھاڑ کی دفعہ 354 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور انھیں پیر کو بورولي کی عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 24 سالہ اقبال ملک نامی ملزم کو گوہر کے لباس پر اعتراض تھا اور وہ چیخ رہا تھا کہ ’گوہر مسلمان ہو کر بھی مختصر لباس پہنتی ہیں، انھیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔‘

مقامی پولیس حکام نے بی بی سی کو بتایا: ’گوہر کو تھپڑ مارنے سے پہلے اقبال نے انھیں چھونے کی کوشش بھی کی اور وہ شوٹنگ کے دوران مسلسل گوہر پر فقرے کس رہا تھا۔‘

پولیس کے مطابق جب گوہر نے اس شخص کو ایسا کرنے سے منع کیا تو ان کے درمیان تکرار ہوئی اور اس دوران ملزم نے انھیں طمانچہ دے مارا۔

اس پر موقعے پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے ملزم کو قابو کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کا تعلق پٹنہ سے ہے اور وہ ممبئی میں ویٹر کا کام کرتا ہے۔

اسی بارے میں