’انگور‘ کے بہادر دیوین ورما انتقال کر گئے

تصویر کے کاپی رائٹ GULZAR
Image caption فلم انگور میں دیون ورما کا ڈبل رول تھا اور دونوں کرداروں میں وہ نوکر بنے تھے

بالی وڈ کے معروف کامیڈین دیوین ورما مہاراشٹر کے شہر پونے میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔ وہ 77 برس کے تھے۔

انھوں نے ہندی کے علاوہ مراٹھی اور بھوجپوری فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

شیکسپیئر کے ڈرامے ’کامیڈ ی آف ایررز‘ پر بننے والی ہندی فلم ’انگور‘ میں ان کی اداکاری کو بےحد سراہا گیا تھا۔ اس میں انھوں نے بہادر کا کردار ادا کیا تھا اور سنجیو کمار جیسے اداکار کے شانہ بہ شانہ کام کیا تھا۔

اس فلم کو معروف نغمہ نگار اور فلم ساز گلزار نے بنایا تھا۔ دیوین ورما کو اس فلم کے لیے بہترین کامیڈین کے اعزاز سے بھی نوازا گيا تھا۔ اس کے علاوہ انھیں ’چور کے گھر کے چور‘ اور ’چوری میرا کام‘ کے لیے بہترین کامیڈین کا فلم فيئر ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔

دیون ورما کی پیدائش پونے میں سنہ 1937 میں ہوئی تھی اور انھوں نے سیاسیات اور سماجیات میں گریجویشن کی۔ فلموں میں ان کا کردار بہت شائشتہ ہوا کرتا تھا۔ زیادہ تر وہ اپنے انداز اور برجستہ جملے سے مزاح پیدا کیا کرتے تھے۔ وہ حالات کی ستم ظریفی اور اپنے کردار کی کس مپرسی کے عالم کی اچھی عکاسی کیا کرتے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ raj kumar santoshi
Image caption عامر خان کے ساتھ وہ ’دل‘ اور ’عشق‘ فلموں میں تھے

شکل و صورت اور حلیے اور بشرے سے وہ اپنے کسی بھی کردار میں شریف اور دوستانہ نظر آتے تھے۔

’انگور‘ کے علاوہ ان کی یادگار فلموں میں ’چور کے گھر چور،‘ ’چوری میرا کام،‘ ’کھٹا میٹھا،‘ ’بے شرم‘، ’بھولا بھالا،‘ ’جدائی،‘ ’تھوڑی سی بے وفائی،‘ ’گول مال،‘ ’رنگ برنگیت‘ وغیرہ شامل ہیں۔

دیون ورما کی شادی معروف اداکار اشوک کمار کی بیٹی روپا گنگولی سے ہوئی تھی جو ان کے سوگواروں میں شامل ہیں۔

کریکٹر ایکٹر ہونے کے علاوہ انھوں نے کئی فلمیں پروڈیوس بھی کیں جن میں ’دانا پانی،‘ ’بے شرم،‘ ’نادان‘ اور ’یقین‘ شامل ہیں۔

ان میں سے بعض فلموں کی ہدایات بھی انھوں نے ہی دی تھیں۔

ان کی تازہ فلموں میں ’دل تو پاگل ہے،‘ ’عشق،‘ ’کیا کہنا،‘ ’دل،‘ ’سلاخیں،‘ ’ہلچل،‘ ’کلکتہ میل‘ وغیرہ شامل ہیں۔

اسی بارے میں