سنہ 2014 کی یاد گار تصاویر

بی بی سی نے ایک سال کی بہترین تصاویر کو منتخب کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

یوکرین میں رواں برس شروع ہونے والے مظاہرے اس وقت پرتشدد ہو گئے جب پارلیمان نے ان کے خلاف سخت قوانین پاس کیے۔ یہ مظاہرے سنہ 2013 میں اس وقت شروع ہوئے جب یوکرین کے معزول صدر وکٹر یانوکووچ نے یورپی یونین کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے روس کے ساتھ تجارتی معاہدے کو ترجیح دی تھی۔ جب بدامنی زیادہ پھیلنا شروع ہوئی تو روس کے صدر ولادیمر پوتن نے کرائیمیا کو روسی فیڈریشن کے ساتھ الحاق کرنے کے بِل پر دستخط کر دیے جس کے بعد روس نواز علیحدگی پسند ایک برس تک یوکرین کی افواج کے ساتھ برسرِ پیکار رہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

جنوبی افریقہ کے ایتھلیٹ آسکر پسٹوریئس کو اپنی گرل فرینڈ ریوا سٹین کیمپ کو غلطی سے قتل کرنے کے جرم میں پانچ برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ جنوبی افریقہ کے جج نے اپنی ساتھی کو ہلاک کرنے والے ایتھلیٹ آسکر پسٹوریئس کو قتلِ خطا کا مجرم قرار دیا تھا۔ جج تھوكوسیل ماسيپا کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ پسٹوریئس کو دی جانے والی سزا معاشرے اور مجرم دونوں کے لیے انصاف پر مبنی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

ایبولا کی وبا سب سے پہلے مارچ سنہ 2014 میں مغربی افریقہ سے پھوٹی اور سنہ 1976 میں جب اس مرض کو پہلی بار دریافت کیا تھا کے بعد سے یہ مہلک ترین وبا بن گئی۔ اطلاعات کے مطابق اس وبا سے اب تک 6,500 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس تصویر میں امِ فیمبلی اپنے شوہر ابراہیم کی لاش کے قریب کھڑی ہیں جو لائیبریا میں اپنے گھر پر چکرانے کے بعد زمین پرگر کر بے ہوش ہو گئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

امدادی ٹیموں میں شامل نیوزی لینڈ کی رائل ایئر فورس میری ٹائم بحرِ ہند میں ملائیشیا ایئر لائنز کے لاپتہ ہونے والے طیارے MH370 کو تلاش کر رہی ہیں۔ملائیشیا کا یہ بوئنگ طیارہ 777 آٹھ مارچ کو کوالالمپور اور بیجنگ کے درمیان گم ہوگیا تھا۔گمشدہ طیارے پر 239 مسافر سوار تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

شام کے صدر بشارالاسد کے خلاف مارچ سنہ 2011 سے شروع ہونے والی بغاوت میں اب تک دو لاکھ افراد مارے اور 30 لاکھ سے زائد افراد شام چھوڑ کر جا چکے ہیں۔ یہ حالیہ برسوں میں سب سے بڑی ہجرت شمار کی جا رہی ہے۔ اس تصویر میں ترکی اور شام کے سرحد کے قریب شامی قصبے کوبانی کے محاصرے میں دکھایا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

امریکی ریاست مزوری میں جیوری کی جانب سے ایک سیاہ فام نوجوان کے قتل پر پولیس اہلکار کو مجرم قرار نہ دینے کے فیصلے کے بعد مظاہروں کا سلسلہ ملک بھر میں پھیل گیا تھا۔ مزوری کے علاقے فرگوسن میں پولیس اہلکار ڈیرن ولسن نے 18 سالہ مائیکل براؤن کو رواں برس نو اگست کوگولی مار کر ہلاک کر دیا تھا جس کے بعد علاقے میں فسادات شروع ہوئے گئے تھے۔ اس تصویر میں 18 سالہ سیاہ فام نوجوان مائیکل براؤن کے والد مائیکل براؤن سینئیر اپنے بیٹے کی تصاویر کے ہمراہ مزوری کے علاقے فرگوسن میں ہونے والی ایک دعائیہ تقریب میں شریک ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

انڈونیشیا کے جزیرے سماترا کی پہاڑی سنگینگ میں آتش فشاں دوبارہ پھٹا۔ آتش فشاں سے اٹھنے والی راکھ کا دھواں فضا میں کئی کلو میٹر تک پھیل گیا۔ ستمبر سنہ 2013 میں پہلی بار پھٹنے سے پہلے یہ آتش فشاں 400 سال تک خاموش رہا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

میلبرن میں آسٹریلین گراں پری فارمولا ون ریس کے آغاز میں جاپانی ڈرائیور کاموئی کوبایاشی کی کار بریک فیل ہو جانے کے بعد ٹوٹ گئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

یونان کے سب سے مشہور تفریحی کھیلوں میں سے ایک کھیل میں شامل لوکاس مچل نوواگیو کے ساحل کی ناہموار چوٹیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے چھلانگ رہا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

امریکہ کے صدر براک اوباما نے برما کے دورے پر کہا تھا کہ وہ برما میں سیاسی تبدیلیوں کے حوالے سے بہت ’پر امید‘ ہیں تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہاں پر ’تبدیلی مشکل‘ ہے۔ براک اوباما نے برما کے دورے پر صدر تھین سین کے علاوہ حزبِ مخالف کر رہنما آنگ سانگ سوچی سے بھی ملاقات کی۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

ہانگ کانگ میں ہونے والے مظاہروں میں دسیوں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ یہ مظاہرین بیجنگ حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ سنہ 2017 میں ہونے والے ہانگ کانگ کے سربراہ کے انتخابات کو آزادانہ ہونے دیا جائے۔ دوسری جانب چین کا کہنا ہے کہ تمام افراد ووٹ دے سکتے ہیں لیکن انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے برازیل میں کھیلے جانے والے فٹبال کے عالمی کپ کے ایک میچ میں اطالوی کھلاڑی جیورجیو چیلینی کو کاٹنے پر یوراگوائے کے سٹرائیکر لوئس سواریز پر چار ماہ کی پابندی عائد کی۔ فیفا نے 27 سالہ سواریز پر نو بین الاقوامی میچوں کی پابندی بھی عائد کی تھی۔ اٹلی اور یوروگوائے کے مابین جب میچ بغیر کسی گول کے برا بر تھا تو لوئس سواریز نے میچ کے 79 ویں منٹ میں اٹلی کی ڈی کے اندر اپنا منہ جیورجیو چیلینی کے کاندھے پہ مارا تھا۔ چیلینی فوراً زمین پر گرگئے اور پھر اٹھ کر کاندھے سے شرٹ کو نیچے کر کے میچ ریفری کو بتانے کی کوشش کی کہ سواریز نے ان کے کاندھے پر کاٹا ہے۔ میچ ریفری نے اس معاملے کا کوئی نوٹس نہیں لیا تھا۔ یہاں تک کہ جب اٹلی کے کھلاڑی جیورجیو اپنے کندھے سے شرٹ نیچے کر کے گراونڈ پر بیٹھے تھے تو اٹلی کے کھلاڑی ریفری مارکو روڈریگز کو بتانے کی کوشش کرتے رہے کہ سواریز نے کیا کیا ہے لیکن ریفری نے ان کی نہ سنی۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

13 سالہ فاطمہ روتے ہوئے اپنی زخمی باپ احمد ال میسمار کو پیار کر رہی ہے۔ فاطمہ کے والد ایک کار بم دھماکے میں شدید زخمی ہو گئے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

چین کے علاقے ہیناژاؤ میں چن ٹانگ میں دریا کا بند ٹوٹ گیا اور اس کی تیز لہروں سے بچنے کے لیے لوگ ادھر ادھر بھاگ رہے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

فرانس کے جنوبی شہر ماؤنٹپیلر میں اکتوبر میں ہونے والے طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی جس کے باعث متعدد افراد کو اپنے گھروں کو چھوڑنا پڑا۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

غزہ میں اسرائیل اور فلسطین گروپوں کے درمیان ہونے والے 50 روزہ لڑائی میں کم سے کم 2,189 فلسطینی ہلاک ہو گئے جس میں 1,486 عام شہری بھی تھے۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق اس لڑائی میں 11,000 افراد زخمی ہوئے۔ اس لڑائی میں اسرائیل کے 67 سپاہی اور چھ شہری ہلاک ہوئے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

چلی کے شہر واپرئیسو میں لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں نہ صرف 15 افراد ہلاک ہوئے بلکہ 3,000 کے قریب گھر بھی تباہ ہو گئے۔ اس آگ کے بعد ملک میں فائر سروس کے مستقبل کے حوالے سے بحث بھی شروع ہو گئی۔ خیال رہے کہ چلی میں 40,000 ہزار کے قریب آگ بجھانے کے اہلکار بِلامعاوضہ کام کرتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس کے لیے رواں برس بہت مصروف رہا۔ اس برس انھوں نے فلپائنز سے لیکر میکسیکو اور مشرقِ وسطیٰ کا دورہ کیا۔ اس تصویر میں سینٹ پیٹرز سکوائر کے قریب گھروں کے قریب ایسٹر کے موقع پر جمع ہونے والے لوگوں کو انگوٹھا دکھا رہے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

کینز فلم فیسٹول میں کلوکارہ شرل کول اپنے فن کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔

.