وڈی ایلن ایمیزان کے لیے ٹی وی شو بنائیں گے

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption وڈی ایلن کو 24 بار اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ انھوں نے مختلف شعبوں میں چار بار یہ ایوارڈ جیتا ہے

آن لائن ریٹیلر ایمیزان نے آسکر انعام یافتہ فلم ساز وڈی ایلن کو اپنی پرائم انسٹنٹ ویڈیو سروس کے پورے سیزن کے لیے ٹیلی ویژن شو بنانے کے لیے مامور کیا ہے۔

’اینی ہال‘ اور ’مین ہیٹن‘ جیسی فلموں کے خالق نے کہا کہ ’میں نہیں جانتا کہ میں اس کام میں کیسے پڑ گیا اور نہ ہی میرے پاس فی الحال اس شو کے لیے کوئی آئیڈیا ہے۔‘

یہ شو آدھے گھنٹے کی اقساط پر مشتمل ہو گا اور 2016 میں امریکہ، برطانیہ اور جرمنی میں دستیاب ہو گا۔

ایمیزان نے اتوار کے روز اپنے مزاحیہ کھیل ’ٹرینسپیرنٹ‘ کے لیے پہلا گولڈن گلوب انعام جیتا۔ یہ شو ایک ایسے باپ کے بارے میں ہے جو اصل میں مخنث ہوتا ہے۔

ایمیزان سٹوڈیوز کے نائب صدر روئے پرنس نے کہا کہ ایلن کے ساتھ کام کرنا ’اعزاز‘ کی بات ہو گا۔

انھوں نے کہا: ’وڈی ایلن ایک صاحبِ نظر تخلیق کار ہیں اور انھوں نے تاریخ کی چند عظیم ترین فلمیں بنائی ہیں۔ ’اینی ہال‘ سے لے کر ’بلو جیزمن‘ تک وڈی امریکی سینیما کی تخلیقی صفِ اول میں رہے ہیں، اور ہم پرجوش ہیں کہ وہ اگلے سال اپنی پہلی ٹیلی ویژن سیریئل پرائم انسٹنٹ ویڈیو کے لیے بنائیں گے۔‘

اس وقتویڈیو سٹریمنگ کی مارکیٹ میں غلبہ حاصل کرنے کے لیے ایمیزان اور نیٹ فلکس کے درمیان رسہ کشی جاری ہے۔

ایمیزان 2015 میں چار مزید سیریز بنا رہا ہے، جن میں پولیس ڈراما ’بوش،‘ کامیڈی ’ریڈ اوکس‘ اور نفسیاتی ڈراما ’ہینڈ آف گاڈ‘ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ رواں سال بچوں کا پروگرام ’وشن پوف!‘ اور ’ٹرینسپیرنٹ‘ کا دوسرا سیزن بھی دکھائے جائیں گے۔

اسی بارے میں