کامیڈی شو میں شرکت پر فنکاروں کے خلاف مقدمہ

تصویر کے کاپی رائٹ HOTURE IMAGES
Image caption دیپکا پاڈوکون اس تقریب کے ناظرین میں شامل تھیں

فحش مذاق پر مبنی متنازع کامیڈی شو میں شرکت کرنے والے بالی وڈ کے متعدد فنکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

بھارت کے شہر پونے میں درج ہونے والی ایف آئی آر میں اداکار ارجن کپور اور رنویر سنگھ، اداکارہ دیپیکا پاڈوکون اور سوناکشی سنہا کے علاوہ فلمساز اور ہدایتکار کرن جوہر اور ویڈیو شیئرنگ کی ویب سائٹ یو ٹیوب کے نام شامل ہیں۔

بھارتی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ان تمام افراد پر الزام ہے کہ انھوں نے اے آئی بی نامی کمپنی کے زیرِ اہتمام ایک پروگرم میں حصہ لیا تھا اور یہ عوامی جگہ پر فحش رویہ اپنانے کے مرتکب ہوئے ہیں۔

یہ مقدمہ پونے سی آئی ڈی میں کام کرنے ایک پولیس انسپکٹر وزیر شیخ کی شکایت پر درج کیا گیا ہے۔

اس سے قبل مہاراشٹر حکومت نے کہا تھا کہ شو کے شرکا کے خلاف تبھی کارروائی کی جائے گی جب یہ ثابت ہوگا کہ کسی قانون کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شدید تنقید کے بعد اس’روسٹ شو‘ کی ویڈیو کو یو ٹیوب سے ہٹا دیا گیا ہے۔

یہ ’روسٹ شو‘ دسمبر میں ممبئی کے ایک سٹیڈیم میں ہوا تھا جس میں چار ہزار سے زیادہ ناظرین موجود تھے۔

اس شو کی ویڈیو جنوری کے اواخر میں یو ٹیوب پر بھی شائع کی گئی جسے چند ہی گھنٹے میں 80 لاکھ افراد نے دیکھا۔

تاہم بعدازاں عوامی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کے بعد اس’روسٹ شو‘ کی ویڈیو کو یو ٹیوب سے ہٹا دیا گیا ہے۔

اس پروگرام کے دوران رنویر سنگھ اور ارجن کپور، میزبان کرن جوہر اور پینل میں شامل دیگر افراد نے ایک دوسرے کے بارے میں فحش لطیفے اور باتیں کی تھیں۔

مقدمے میں نامزد دیپکا پاڈوکون اور سوناکشی سنہا کے علاوہ عاليہ بھٹ اور سنجے کپور سمیت بالی وڈ سے وابستہ متعدد اہم شخصیات بھی اس تقریب میں موجود تھیں۔

اسی بارے میں