ہالی وڈ: لوپیتا نیونگو کا چوری شدہ لباس’برآمد‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption جریدے پیپل نے لپیتا کو 2014 کی خوبصورت ترین خاتون قرار دیا تھا۔

امریکی شہر لاس اینجلس کی پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے موتیوں سے جڑا وہ لباس برآمد کر لیا ہے جسے کینیائی اداکارہ لوپیتا نیونگو کے کمرے سے چوری کیا گیا تھا۔

مشہور فیشن ڈیزائنر کیلون کلائن کا تیار کردہ یہ لباس لوپیتا آسکر ایوارڈ کی تقریب میں زیبِ تن کیا تھا۔

اس لباس پر چھ ہزار سفید موتی جڑے ہوئے تھے اور اسے جنوبی ہالی وڈ میں بدھ کی شام اس وقت ہوٹل کے کمرے سے چرا لیا گیا تھا جب نیونگو کمرے سے باہر تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لباس کی برآمدگی میں ان کی مدد فنکاروں کے بارے میں معلومات شائع کرنے والی ویب سائٹ ٹی ایم زی نے کی۔

ٹی ایم زی کو ایک ایسے شخص کی فون کال موصول ہوئی تھی جس نے اس لباس کی چوری کا دعویٰ کیا تھا۔

اس شخص کا کہنا تھا کہ اس نے یہ جاننے کے بعد لباس واپس ہوٹل میں رکھ دیا کہ اس پر جڑے چھ ہزار موتی نقلی تھے۔

ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ اس لباس کی مالیت ڈیڑھ لاکھ ڈالر ہے۔

اس چوری کے سلسلے میں ابھی تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی کیلون کلائن کی جانب سے موتی نقلی ہونے کی اطلاع پر کوئی تبصرہ سامنے آیا ہے۔

اسی بارے میں