انوشکا شرما بھی فلمساز بن گئیں

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption انوشکا شرما نے شاہ رخ خان کے ساتھ ایک فلم سے اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا

بالی وڈ اداکارہ انوشكا شرما اب فلمساز بن گئی ہیں اور ان کی پہلی فلم ’این ایچ 10‘ چھ مارچ کو ریلیز ہو گی۔

فلم ’این ایچ 10‘ کی کہانی دہلی، گڑگاؤں اور ہریانہ کے ارد گرد ہائی وے پر رونما ہونے والے ’سچے واقعات‘ پر مبنی ہے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انوشكا شرما نے بتایا ’یہ فلم ذہنی اور جسمانی طور پر بڑی چیلنجنگ تھی۔ میں نے اسی حساب سے تیاری شروع کی۔ روز مجھے 11-11 گھنٹے دوڑنا پڑتا تھا۔‘

انوشكا کے مطابق اس فلم میں کئی ایسے واقعات شامل ہیں جو حقیقت میں پیش آئے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption انوشکا کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم پی کے نے باکس آفس پر زبردست بزنس کیا

انوشكا نے مزید کہا ’ہدایتکار نوديپ سنگھ نے برسوں تک اس فلم کی تھیم سے وابستہ ہر واقعے پر تحقیق کی اور تب جاکر ’این ایچ ‘10 کی سکرپٹ تیار ہوئی۔ یہ فلم کسی ایک واقعے پر مبنی نہیں ہے لیکن فلم میں کئی سچے واقعات کا ذکر ہے۔‘

اس فلم کو بھارتی سینسر بورڈ نے ’اے‘ سرٹفیكیٹ دیا ہے اور ’اے‘ درجہ بندی بولڈ فلموں کو دی جاتی ہے جس کا مطلب ہے ’بالغوں کے لیے۔‘

اس درجہ بندی پر انوشكا نے کہا ’جب ہم نے فلم بنائی تو ہمیں یہ احساس ہونے لگا تھا کہ اسے اے سرٹیفیکیٹ ملے گا اور ایسا ہونے پر اچھا نہیں محسوس ہوا۔

انھوں نے مزید بتایا ’ہم نے ایک ہی تھیم پر یہ فلم بنائی ہے اور ہم چاہتے تھے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک یہ پیغام پہنچے لیکن ہر فلم سب کے لیے نہیں بنتی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ FEMINA
Image caption مجھے چیلنجنگ کردار پسند ہیں: انوشکا

فلم ’پی کے‘ کی زبردست کامیابی کے باوجود انوشكا بہت کم فلمیں کر رہی ہیں۔ جب اس بارے میں ان سے دریافت کیا گیا تو انھوں نے کہا ’بطور اداکارہ میں نے ہمیشہ ہی کچھ نئے طرح کے کردار ادا کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے اتنی کم فلمیں کی ہیں۔‘

انھوں نے کہا ’اداکار کے طور پر اس طرح کی فلمیں مجھے بہت تحریک دیتی ہیں اور اس فلم میں کرنے کے لیے کافی کچھ تھا۔ چاہے پی کے ہو یا این ایچ 10، ان میں مختلف نظر آتی ہوں۔ بامبے ویلویٹ بھی ہے جس بھی میں بہت کچھ کر پا رہی ہوں۔‘

اسی بارے میں