شاہ رخ چنئی کے بعد اب ’پنجاب ایکسپریس‘ میں؟

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شاہ رخ خان اور روہت شیٹی کی فلم فلم ’چینئی ایکسپریس‘ سنہ 2013 میں ریلیز ہوئی تھی اور وہ اس سال کی کامیاب ترین فلموں میں تھی

بالی وڈ کے ’بادشاہ‘ کہلانے والے اداکار شاہ رخ خان کی اگلی فلم کا نام کیا ہوگا، اس بارے میں ابھی متضاد خبریں آ رہی ہیں۔

فلم ’چنئی ایکسپریس‘ کی کامیابی کے بعد فلم کے ہدایت کار روہت شیٹی دوبارہ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم بنا رہے ہیں۔

ممبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران خود روہت شیٹی نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔

اپنے ایک ٹی وی پروگرام کے بارے میں بات کرتے ہوئے روہت شیٹی نے کہا: ’جی ہاں، میں شاہ رخ کے ساتھ پھر کام کر رہا ہوں، حالانکہ ابھی شاہ رخ کے علاوہ ہم نے کسی دوسرے سٹار اور فلم کے دوسرے کرداروں کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔‘

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی مجوزہ فلم کا نام ’پنجاب ایکسپریس‘ ہوگا۔

تاہم تازہ رپورٹوں کے مطابق شاہ رخ خان اور روہت نے فلم ’دل والے‘ کا حق رکھنے والے ہیری باویجہ سے ملاقات کی اور ان سے فلم کے ٹائٹل کے بارے میں بات کی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اس فلم میں دیپیکا کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا تھا

اطلاعات کے مطابق ہیری باویجہ نے انھیں یہ عنوان دینے پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے اور اب روہت اور شاہ رخ دونوں ’دل والے‘ نام پر مطمئن ہیں۔

فلم ’دل والے‘ سنہ 1994 میں آئی تھی جس میں اجے دیوگن، سنیل شیٹی اور روینہ ٹنڈن نے اداکاری کی تھی۔

فلم ’چنئی ایکسپریس‘ سنہ 2013 میں ریلیز ہوئی تھی اور وہ اس سال کی کامیاب ترین فلموں میں تھی۔

اس فلم میں شاہ رخ خان کے علاوہ دیپکا پاڈوکون کا بھی اہم کردار تھا۔

باکس آفس ماہرین کے مطابق یہ شاہ رخ کے کریئر کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم تھی اور اس نے 200 کروڑ روپے سے زیادہ کا کاروبار کیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Red Chillies